نرمل میں گنیش اتسو اور شوبھا یاترا کے پیشِ نظر ایس پی ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا کی مسلم معززین کے ساتھ اہم امن کانفرنس، باہمی اخوت، یکجہتی اور امن و امان کے قیام پر زور




 (رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 15 ستمبر 2026) نرمل ضلع میں گنیش نوراتری اتسو اور شوبھا یاترا کو پرامن، عقیدت و احترام اور پرمسرور ماحول میں منعقد کرنے کے مقصد سے ضلع ایس پی ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا، IPS نے ایس پی آفس میں مسلم علمائے کرام اور معززینِ شہر کے ساتھ ایک اہم اور باوقار اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر ایس پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرمل کی دیرینہ روایت اور عوام کے درمیان قائم باہمی اخوت، گنگا جمنی تہذیب اور یگانگت کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا اور تمام طبقات ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اس تہوار کو پرامن بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اجلاس کے دوران مسلم معززین نے نرمل کے تاریخی پس منظر اور اپنے بچپن کی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی تمام طبقات نے متحد ہو کر ایک دوسرے کے تہواروں میں شرکت کی ہے اور آئندہ بھی شہر میں یہ محبت و یگانگت برقرار رہے گی۔ علمائے کرام اور معززین نے گنیش وِسرجن کے موقع پر درپیش مسائل، انتظامی امور اور ضروری سہولیات کے حوالے سے ایس پی کے سامنے گراں قدر تجاویز پیش کیں، جنہیں ایس پی موصوفہ نے نہایت غور سے سنا اور تیقن دیا کہ محکمہ پولیس ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہے گا۔ ایس پی ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا نے واضح کیا کہ تمام شہری ان کے لیے یکساں ہیں اور کسی بھی ناگہانی مسئلہ یا دشواری کی صورت میں عوام بلا جھجھک ان سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں، پولیس شعبہ تہوار اور شوبھا یاترا کو پرامن ماحول میں روبہ عمل لانے کے لیے ہمہ وقت متحرک رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس انتظامیہ کے ساتھ کامل تعاون کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان، باہمی احترام اور یکجہتی کے ساتھ اس اتسو کو کامیاب بنائیں۔ اس پروقار اجلاس میں ایس پی ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا کے ہمراہ نرمـل ڈی ایس پی سرینیواس، سی آئیز کرشنا، پروین، سمّیا اور دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداران و عملہ موجود تھا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post