
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 13 اپریل 2026 نرمل : انتہائی افسوسناک اور دلخراش خبر موصول ہوئی ہے کہ نرمل سے تعلق رکھنے والے اور گزشتہ 30 برسوں سے مدینہ منورہ کی سرزمین پر مقیم جناب محمد احسن لطیف صاحب کل بروز اتوار نمازِ عصر کے بعد اچانک حرکتِ قلب بند ہو جانے کے باعث خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کا شمار ان خوش نصیبوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کی تین دہائیاں شہرِ نبیؐ کی خدمت اور وہاں کی فضاؤں میں گزاریں۔
مرحوم، کمرشل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے ریٹائرڈ عہدیدار جناب سید منیر علی صاحب کے داماد اور کانگریس لیڈر احتشام کے ماموں تھے۔ اس رنجیدہ خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے بھانجے مفتی محمد ندیم علی قاسمی (امام و خطیب مسجد محمدیہ، آدرش نگر و معلم جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات، نرمل) نے بتایا کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی تیاریاں مسجدِ نبویؐ اور جنت البقیع میں مکمل کی جا رہی ہیں۔ قوی امکان ہے کہ نمازِ جنازہ عصر یا مغرب کے فوراً بعد ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں دنیا کے مقدس ترین قبرستان 'جنت البقیع' کی خاک کا حصہ بننے کی سعادت حاصل ہوگی۔
مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ اس ناگہانی موت پر نِرمل کی سماجی و سیاسی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بڑا خسارہ قرار دیا ہے۔ لواحقین نے تمام دوست احباب اور مخیر حضرات سے مرحوم کی بلندیِ درجات اور پسماندگان کے لیے صبر و استقامت کی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔