ڈکن ہائی اسکول کے کراسپونڈنٹ محمد قاسم کی رہائش گاہ پہنچ کر باوقار "گرو رتنا ایوارڈ 2026" کی تفویض:
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
اردو میڈیم کی ترویج و بقا کے لیے ان کی خدمات کا شاندار اعتراف
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، بتاریخ 16 ستمبر 2026ء— فرینڈز ہیلپنگ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام حال ہی میں منعقدہ باوقار تقریب "گرو رتنا ایوارڈز 2026" کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے سوسائٹی کے ذمہ داران نے تعلیمی معماروں کی پذیرائی کی ایک اور دلکش مثال قائم کی ہے۔ ڈکن ہائی اسکول کے کراسپونڈنٹ محمد قاسم جو بعض ضروری مصروفیات اور ناگزیر وجوہات کے باعث مرکزی پروگرام کے دن شرکت سے قاصر رہے تھے، ان کی گراں قدر تعلیمی خدمات کے اعتراف میں سوسائٹی کے ذمہ داران نے خود ان کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیں باوقار "گرو رتنا ایوارڈ 2026" کا یادگاری مومنٹو اور سندِ تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر فرینڈز ہیلپنگ سوسائٹی کے صدر شیخ انصار پاشا، مراد بیگ، افروز، اور ڈکن ہائی اسکول کے ٹیچر محمد ابرار موجود تھے، جن کے ہاتھوں محمد قاسم کو اس اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سوسائٹی کے ذمہ داران نے محمد قاسم کی تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور بالخصوص اردو میڈیم کی ترویج و اشاعت کے سلسلے میں ان کی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہرِ نرمل میں ڈکن ہائی اسکول اردو میڈیم تعلیم کا واحد اور مضبوط مرکز بنا ہوا ہے جو مادری زبان اردو میں معیاری تعلیم کی مشعل کو روشن رکھے ہوئے ہے۔ سوسائٹی نے شیریں زبان اردو سے محبت کو زندہ رکھنے اور اس تعلیمی مرکز کے معیار کو آئندہ بھی یونہی برقرار رکھنے کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ محمد قاسم نے سوسائٹی کے اس بے لوث جذبے اور پذیرائی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔