نرمل پولیس کا تاریخی اقدام: کلکٹر بھویش مشرا کے تعاون سے نوجوانوں کے لیے مفت پولیس بھرتی تربیتی کیمپ کا آغاز، 28 ستمبر سے کلاسز کا انعقاد




 نرمل: 19 ستمبر (آوازِ نرمل نیوز): ضلع پولیس محکمہ کی جانب سے ضلع کلکٹر بھویش مشرا کے تعاون سے پولیس کانسٹیبل اور سب انسپکٹر جیسے عہدوں کے لیے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے بیروزگار نوجوانوں کی رہنمائی اور سرپرستی کے مقصد سے ایک عظیم الشان مفت پری ریکروٹمنٹ ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے ایس پی نرمل ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا نے بتایا کہ 28 ستمبر بروز پیر سے نرمل میں ٹریننگ کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا، جس میں امیدواروں کو تجربہ کار اساتذہ کے ذریعے امتحانی نصاب، طریقہ کار اور مختلف مضامین پر جامع رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے خواہشمند اور درخواست گزار امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ صبح 10:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک جاری رہنے والی اس ٹریننگ میں داخلے کے لیے اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او (SHO) سے اپنا بائیو ڈیٹا جمع کروا کر رابطہ قائم کریں۔ ایس پی ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا نے ضلع نرمل کے تمام محنت کش نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سخت نظم و ضبط کے ساتھ تربیت حاصل کریں اور مقابلہ جاتی امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کر کے اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں۔  

Post a Comment

Previous Post Next Post