مانو فاصلاتی طرزِ تعلیم کے مختلف کورسز میں داخلے جاری: پنچ شیل کالج نرمل میں تعلیمی بیداری مہم اور پوسٹر کا اجراء



 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 19 اگست 2026ء— مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (CDOE) کے تحت تعلیمی بیداری مہم کے سلسلے میں یونیورسٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے پنچ شیل کالج آف ایجوکیشن، نرمل کا دورہ کیا اور تعلیمی سال 2026-27 کے فاصلاتی کورسز کے داخلوں سے متعلق ایک خصوصی پوسٹر کا باقاعدہ رسمِ اجراء انجام دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر CPDUMT پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، پروفیسر سید امان، ڈپٹی ڈائریکٹر CDOE ڈاکٹر مظہر قادری، انچارج ریجنل ڈائریکٹر SRC حیدرآباد ڈاکٹر ایس ایم فصیح اللہ، اسسٹنٹ پروفیسر انگلش ڈاکٹر ایم اے نوید اور پرنسپل و اسٹڈی سینٹر کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سید سار فاطمہ موجود تھے۔ اس موقع پر پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی اور دیگر نمائندوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی مرکزی حکومت کے تحت قائم کردہ ایک ممتاز اردو میڈیم یونیورسٹی ہے، جو فاصلاتی نظامِ تعلیم کے ذریعے عوام الناس کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایڈ (ODL) اور ایم بی اے جیسے اینٹرنس ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے کورسز میں آن لائن درخواست کے اندراج کی آخری تاریخ 25 اگست 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ تمام دیگر یو جی (بی اے، بی ایس سی، بی کام)، پی جی (ایم اے کے 6 مختلف مضامین)، سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ کورسز میں داخلوں کی آخری تاریخ 10 ستمبر 2026ء ہے۔ انہوں نے بالخصوص اس بات پر زور دیا کہ یہ فاصلاتی طرزِ تعلیم ان افراد کے لیے ایک نادر موقع ہے جنہوں نے کسی وجہ سے اپنی تعلیم ترک کر دی تھی، بالخصوص خواتین کے لیے یہ انتہائی فائدے مند ہے۔ مزید برآں دینی مدارس کے طلباء و طالبات کے لیے یونیورسٹی نے یہ خصوصی انتظام کیا ہے کہ 400 سے زائد معروف دینی مدارس کو ڈگری کے مساوی (Equivalence) تسلیم کیا ہے، جس کے تحت دارالعلوم دیوبند اور جامعہ نظامیہ حیدرآباد جیسے اداروں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات براہِ راست مانو سے بی اے، ایم اے اسلامک اسٹڈیز اور ایم اے عربیک میں داخلہ لے کر اپنی جدید تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔ زیرِ ملازمت اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ اور انتظامی امور کی تربیت کے لیے بی ایڈ کے علاوہ چار اہم ڈپلومہ کورسز بشمول اسکول لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ (DSLM)، ارلی چائلڈ ہڈ کیئر اینڈ ایجوکیشن (ECCE)، گائیڈنس اینڈ کونسلنگ، اور ٹیچ انگلش کا نظم بھی موجود ہے۔ پنچ شیل کالج انتظامیہ نے واضح کیا کہ مانو کے بی ایڈ (ODL) پروگرام کا یہ 10واں کامیاب بیچ چل رہا ہے اور سابقہ بیچز سے ڈگری حاصل کرنے والی کئی طالبات نے کامیابی کے ساتھ سرکاری و نجی ملازمتیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ضلع نرمل بشمول بھینسا، مدھول، خانہ پور اور مامڑا کے تمام اردو داں طبقے، اساتذہ اور نوجوانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ان تمام فاصلاتی کورسز کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنے گھر بیٹھے تعلیمی سفر کو آگے بڑھائیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post