34 برس بے لوث صحافتی خدمات کا شاندار اعتراف، اعجاز احمد خان باوقار "تبسم فریدی ایوارڈ” سے سرفراز
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
(رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز — 1 اگست): صحافت کے مقدس میدان میں ساڑھے تین دہائیوں سے حق و صداقت، بے باکی اور بلا تفریق عوام کی ترجمانی کا فریضہ انجام دینے والے ضلع نرمل کے ممتاز سینئر صحافی و تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (TUWJF) کے ریاستی نائب صدر اعجاز احمد خان کی 34 برس پر محیط غیر معمولی، بے لوث اور مثالی خدمات کا ریاستی سطح پر شاندار اعتراف کرتے ہوئے انہیں باوقار "تبسم فریدی ایوارڈ 2024" سے سرفراز کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کی تلنگانہ میڈیا اکیڈمی میں فیڈریشن کے قیام کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار و تاریخی تقریبِ سیمینار میں، حکومتِ تلنگانہ کے مشیر برائے اقلیتی بہبود، عوامی مسائل و پبلک گریوینسز (کابینہ درجے کے وزیر) محمد علی شبیر، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر و سابق کپتان انڈین کرکٹ ٹیم محمد اظہر الدین، ٹی ایم آر ای آئی ایس (TMREIS) کے نائب صدر فہیم قریشی، فیڈریشن کے ریاستی صدر ایم اے ماجد اور ریاستی جنرل سیکریٹری محمد غوث محی الدین کے دستِ مبارک سے اعجاز احمد خان کو شال پوشی، ممتاز مومنٹو اور توصیف نامہ پیش کر کے اعلیٰ پیمانے پر تہنیت پیش کی گئی۔ ایم اے ماجد کی صدارت اور محمد غوث محی الدین، خلیل فرہاد، ایم اے محسن، واجد حسین و دیگر ذمہ داران کی انتظام کاری میں منعقدہ اس باشکوہ تقریب میں اردو صحافت کی بقا، ترقی اور صحافیوں کے حقوق کے لیے اعجاز احمد خان کی انتھک محنت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس عظیم و تاریخی کامیابی کی خبر عام ہوتے ہی جہاں ضلع نرمل اور ریاستی صحافتی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی، وہیں عوام کے حقوق کی سچی آواز آوازِ نرمل نیوز کے ایڈیٹر ان چیف عثمان بن عقیل اور تمام نیوز ٹیم کی جانب سے اعجاز احمد خان کی اس بے مثال کارکردگی اور باوقار اعزاز پر انہیں دلی مبارکباد اور وادئ نرمل کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ اعجاز احمد خان نے اس عظیم پذیرائی پر بارگاہِ الٰہی میں شکرانہ ادا کرتے ہوئے آوازِ نرمل نیوز کی حق گو صحافت، عوامی خدمات اور ایڈیٹر ان چیف عثمان بن عقیل و تمام رفقائے کار کا خصوصی طور پر تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔