انتخابی فہرستوں کی درستی شہریت کے تحفظ کا اہم ذریعہ، 24 جولائی سے قبل فارم جمع کروائیں: سابق کونسلر انور پاشا
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
خصوصی رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز : 11 جولائی 2026 بلدیہ نرمل کے تحت اسلحہ کالونی کے ممتاز و ہردلعزیز عوامی رہنما اور سابق کونسلر انور پاشا، جنہوں نے طویل عرصے تک عوام کے درمیان رہ کر بلا تفریق و امتیاز بے لوث خدمات انجام دیں اور جن کی انتھک سرگرمیوں کو حلقے میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، انہوں نے اپنے ایک جامع و بصیرت افروز صحافتی بیان میں عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ تلنگانہ ریاست میں انتخابی فہرستوں کی صد فیصد شفافیت اور درستی کے لیے ایک انتہائی اہم مہم کا آغاز ہو چکا ہے جس کے باضابطہ اختتام کی آخری تاریخ 24 جولائی 2026 مقرر ہے، لہٰذا وقت کی نزاکت اور انتہائی قلت کے پیش نظر تمام رائے دہندگان، بالخصوص ملتِ اسلامیہ کے شعورِ بیدار کا یہ اولین فریضہ ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ بی ایل اوز (BLOs) سے بلا تاخیر رجوع ہو کر مطلوبہ فارم حاصل کریں اور اسے مکمل و درست طور پر پُر کر کے بروقت جمع کروائیں، جبکہ فارم کی ادائی کے فوری بعد بی ایل او سے حاصل ہونے والی رسید (Acknowledgement Receipt) کو اپنے پاس نہایت احتیاط کے ساتھ محفوظ رکھیں کیونکہ یہ رسید مستقبل میں آپ کے ووٹ کے قانونی تحفظ اور شہریت کے حقوق کی ایک مستند ترین دستاویز ثابت ہوگی۔ سابق کونسلر انور پاشا نے ملت کے حقوق اور رائے دہی کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا اور دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ جن ووٹرز کے نام نادانستگی میں ایک سے زائد مقامات یا مختلف بلدی وارڈز کی انتخابی فہرستوں میں درج ہو چکے ہیں، وہ فوری طور پر دانش مندی اور ہوشیاری کا ثبوت دیں اور صرف اسی ایک مقام کا انتخاب کریں جہاں وہ مستقل طور پر رہائش پذیر ہیں اور وہاں کا فارم بھر کر اپنا نام برقرار رکھیں، جبکہ دیگر تمام مقامات سے نام حذف کروانے کے لیے ضروری کارروائی عمل میں لائیں کیونکہ مختلف علاقوں میں دوہرے فارم جمع کروا کر دو مقامات پر ووٹ برقرار رکھنے کی صورت میں شہریوں کو مستقبل میں سنگین قانونی پیچیدگیوں، تادیبی اقدامات اور سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ "ایک شہری، ایک ووٹ" کا اصول ہی جمہوریت کی روح اور ہماری سیاسی بقا کا ضامن ہے اور حکومت کی جانب سے اس مہم کا بنیادی مقصد بھی بوگس اور دوہرے ووٹوں کا جڑ سے خاتمہ کر کے انتخابی عمل کو ہر قسم کی آلائشوں سے پاک کرنا ہے، اس لیے موجودہ نازک ترین حالات میں تمام ووٹرز اس معاملے کو وقت کی اہم ترین پکار اور اپنی سیاسی و سماجی شناخت کے تحفظ کا نظریہ سمجھتے ہوئے 24 جولائی کی آخری تاریخ سے قبل اپنی انتخابی دستاویزات کو ہر لحاظ سے مکمل اور درست کروا لیں تاکہ ہماری ملی، سیاسی اور جمہوری طاقت کا لوہا مانا جا سکے۔