مسجدِ یحییٰ نور وائی ایس آر کالونی نرمل میں رشتہ ازدواج کی پُرمسرت محفل، معززین و ممتاز شخصیات کی ہدیہ تبریک پیش کرنے کثیر تعداد میں شرکت



 

رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 8 جون 2026ء۔۔۔ نرمل شہر کی پُر رونق بستی وائی ایس آر کالونی کی مسجدِ یحییٰ نور میں ایک انتہائی باوقار اور پُرمسرت تقریبِ نکاح کا انعقاد عمل میں آیا، جہاں شیخ مستان مرحوم کی دخترِ نیک اختر کا عقدِ مسنون، شیخ ذاکر (اسپیشل اسسٹنٹ یو بی آئی بینک)، فرزندِ رشید صاحب حسین (ریٹائرڈ ملازم) ساکن موضع اوڈپلی منڈل سارنگاپور کے ساتھ نہایت تزک و احتشام اور بحسن و خوبی انجام پایا، جس کے فوراً بعد مہمانوں کی ضیافت اور طعام کا ایک شاندار نظم منی ٹینک بنڈ پر واقع 'IA فنکشن ہال' نرمل میں رکھا گیا تھا۔ اس مبارک اور سعید موقع پر منعقدہ محفلِ شادی میں شہرِ نرمل کے ممتاز علمائے کرام، جید مشائخ عظام، مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کے موقر قائدین، مذہبی و ملی جماعتوں کے سربراہان، معززینِ شہر اور دور دراز مقامات سے آئے ہوئے کثیر تعداد میں رشتہ داروں اور دوست احباب نے شرکت کی سعادت حاصل کی اور دولہا و دلہن کے سرپرستوں کو اس نئے رشتے کی شروعات پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نو بیاہتا جوڑے کی خوشگوار اور کامران ازدواجی زندگی کے لیے بارگاہِ الٰہی میں نیک تمناؤں اور خیر و برکت کی دعائیں کیں، جبکہ تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانانِ خصوصی میں سابق ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی، معروف عوامی و سیاسی رہنما اور سابق میونسپل کونسلر محمد اسلم (جنہوں نے اپنی خصوصی شرکت سے محفل کی رونق کو دوبالا کیا)، سابق میونسپل کونسلر محمد سلیم، معین الدین (محکمہ ریونیو انسپکٹر)، صدرِ قاضی شہر نرمل محمد عبدالباری، نائب قاضی و امام و خطیب مسجدِ سلیم مولانا عبدالعلیم قاسمی، محسن بن محمد (اسٹاف رپورٹر 'سازِ دکن') اور محمد امین پٹیل (اسٹاف رپورٹر 'قاصدِ ہند') نے خاص طور پر شرکت کرتے ہوئے دلہن کے حقیقی بھائی اور ممتاز بی آر ایس (BRS) رہنما محمد منہاج اور نوشہ شیخ ذاکر کو گلے لگا کر مسرت کا اظہار کیا اور صمیمِ قلب سے ہدیہ تبریک پیش کیا، اس پروقار محفل کے اختتام پر تمام ہی شرکاء اور عزیز و اقارب کا شکریہ ادا کیا گیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post