بلدیہ نرمل میں ٹینڈر نوٹسز کی اشاعت میں ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی؛ ڈسٹرکٹ کلکٹر کو شکایتی خط پیش، موجودہ ٹینڈر منسوخ کرنے کا پرزور مطالبہ





آوازِ نرمل نیوز — 15 جون 2026ء: بلدیہ نرمل کی جانب سے سرکاری کاموں کے ٹینڈر نوٹسز کی اشاعت میں مروجہ قواعد کی عدم پاسداری اور شفافیت کے مبینہ فقدان کے خلاف مقامی شہریوں شیخ امتیاز احمد، عبدالجاوید اور ایم ڈی منہاج نے ڈسٹرکٹ کلکٹر و مجسٹریٹ نرمل کو ایک شکایتی خط پیش کرتے ہوئے اس معاملے میں قانون کے مطابق فوری کارروائی کی خواہش ظاہر کی ہے، کلکٹر کو پیش کردہ اس تحریری شکایت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مروجہ پروکیورمنٹ ضوابط کے تحت ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کے تمام ٹینڈرز کی تفصیلات ضلع میں وسیع پیمانے پر پڑھے جانے والے کم از کم ایک تلگو اور ایک اردو روزنامے میں شائع کرنا قانونی طور پر لازمی ہوتا ہے، لیکن شکایت کنندگان نے اپنے خط میں یہ الزام عائد کیا ہے کہ بلدیہ نرمل کی جانب سے ان اہم نوٹسز کو صرف ای-پروکیورمنٹ پورٹل اور چند ایسے غیر معروف اخبارات تک محدود رکھا گیا جن کی ضلع میں کوئی وسیع سرکولیشن یا عوامی رسائی نہیں ہے، اس شکایتی خط میں یہ واضح مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلدیاتی انتظامیہ کے اس طرزِ عمل سے مقامی چھوٹے ٹھیکیداروں اور بالخصوص ضلع کے ایک بڑے اردو داں طبقے تک بروقت معلومات نہیں پہنچ پاتیں جس کی وجہ سے منصفانہ مقابلے کی فضا متاثر ہونے اور اقربا پروری کو شہ ملنے کا شدید اندیشہ رہتا ہے، لہٰذا اس احتجاجی نمائندگی کے ذریعے ڈسٹرکٹ کلکٹر سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ انصاف اور شفافیت کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے میونسپل کمشنر نرمل کو ٹینڈر پبلیکیشن رولز پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دیں، اور موجودہ ٹینڈر کے پورے طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے اسے وسیع اشاعت رکھنے والے معتبر تلگو اور اردو روزناموں میں دوبارہ شائع کروانے کے احکامات جاری کریں تاکہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو یکساں اور منصفانہ مواقع حاصل ہو سکیں۔


 

Post a Comment

Previous Post Next Post