نرمل ضلعی اقلیتی صدارت کے لیے کانگریس کی سرگرمیاں تیز: چار اہم دعویداروں نے انچارج ایڈوکیٹ محمد حسین کو درخواستیں پیش کیں
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
نرمل۔ 15 جون (خصوصی رپورٹ: اوازِ نرمل نیوز): ریاست تلنگانہ بھر میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ضلعی سطح کے اقلیتی صدور کے عہدوں کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل انتہائی تیزی اور جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے اور اسی سلسلے میں ضلع نرمل میں درخواستوں کی وصولی اور جانچ کے لیے ایڈوکیٹ محمد حسین کو ضلعی انچارج مقرر کیا گیا ہے جہاں مقامی ہوٹل 'ماروتی اِن' میں صدارتی عہدے کے خواہش مند قائدین سے باضابطہ طور پر درخواستیں قبول کی گئیں، اوازِ نرمل نیوز کے نمائندے کے مطابق اس باوقار صدارتی دوڑ میں ضلع نرمل سے چار اہم، متحرک اور سرگرم قائدین میدان میں اترے ہیں جن میں محمد عبدالمتین، شیخ احد ساحل، الطاف خضر اور محمد احتشام علی شامل ہیں جنہوں نے تنظیمی جڑوں کو مضبوط کرنے کے عزم کے ساتھ انچارج کے روبرو اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ سیاسی و عوامی حلقوں میں ان تمام امیدواروں کی درخواستوں کو گہری دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے کیونکہ یہ تمام چہرے اپنے اپنے حلقوں میں تعلیمی، سماجی اور تنظیمی اعتبار سے مخلص اور مضبوط پہچان رکھتے ہیں اور طویل عرصے سے عوامی مسائل کے حل اور فلاحی سرگرمیوں میں زمینی سطح پر سرگرم عمل رہے ہیں، ان تمام سرکردہ قائدین کی یکے بعد دیگرے دعویداری کے باعث ضلع کی اقلیتی سیاست میں زبردست گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے اور سیاسی مبصرین کے مطابق اب یہ انتخابی مقابلہ انتہائی دلچسپ اور اہمیت کا حامل ہو چکا ہے، اب تمام تر نظریں کانگریس کی اعلیٰ قیادت پر مرکوز ہیں کہ وہ تنظیمی استحکام اور اقلیتی برادری کے حقوق کی پاسبانی کے لیے نرمل ضلع اقلیتی صدر کے اس اہم اور ذمہ دارانہ عہدے کے لیے کس مخلص چہرے کا انتخاب کرتی ہے اور یہ باوقار ذمہ داری کس کے حصے میں آتی ہے یہ دیکھنا انتہائی دلچسپ ہوگا۔