گاجل پیٹ: نمائندہ کونسلر محمد ذاکر کی نگرانی میں 'اندرمّا ساڑھیوں' کی تقسیم، چیرمین سید ارجمند علی کی شرکت






 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز۔ 4 جون 2026ء: وارڈ نمبر 35 گاجل پیٹ میں نمائندہ کونسلر محمد ذاکر کی نگرانی اور انتظام کے تحت حکومت کی فلاحی اسکیم 'اندرمّا ساڑھیوں' کی تقسیم کا پروگرام عمل میں آیا، جس میں نرمل ضلع لائبریری چیرمین سید ارجمند علی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے مستحق خواتین میں ساڑھیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی چیرمین سید ارجمند علی نے کہا کہ عوامی اسکیمات کو زمینی سطح پر مستحقین تک پہنچانے میں مقامی نمائندوں کا کردار اہم ہوتا ہے اور نمائندہ کونسلر محمد ذاکر اپنے وارڈ کے عوام کو ان اسکیمات سے فائدہ پہنچانے کے لیے متحرک رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد معاشرے کے کمزور طبقات بالخصوص خواتین کو معاشی و سماجی طور پر مستحکم کرنا ہے اور اسی کڑی کے تحت یہ تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نمائندہ کونسلر محمد ذاکر نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہی ترجیح رہی ہے کہ حکومت کی ہر غریب پرور اسکیم ان کے وارڈ کے مستحق اور ضرورت مند خاندانوں تک لازمی پہنچے۔ انہوں نے پروگرام کے منظم انعقاد پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں وارڈ کے نوجوانوں رضوان، فیروز، سجاد، نوید، حسین اور رفیع نے انتظامی امور میں تعاون پیش کیا، جبکہ اس موقع پر مقامی معززین اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post