

رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز۔ 20/ مئی: انجمن فلاح مسلمین نرمل کے زیرِ اہتمام ملت کی دو غریب و نادار لڑکیوں کے نکاح انتہائی سادگی اور سنتِ نبوی کے مطابق انجام پائے، تفصیلات کے مطابق صباء انجم بنت ممتاز مرحوم ساکن ڈبل بیڈ روم نرمل کا رشتۂ ازدواج مسمی سید مختار ولد سید قمر الدین ساکن نرنیڈی گنڈہ کے ساتھ مسجد صالحین ڈبل بیڈ روم نرمل میں بعد نمازِ عصر طے پایا، جبکہ دوسری تقریبِ سعید میں فرحین بیگم بنت عبد الرشید ساکن صوفی نگر نرمل کا عقدِ نکاح شیخ سلیم ولد شیخ محمد ساکن عادل آباد کے ہمراہ مسجد اظہر صوفی نگر نرمل میں بعد نمازِ عصر منعقد ہوا، ان بابرکت محافل میں خطبۂ نکاح کی سعادت حافظ احمد حسین (نائب قاضی و امام و خطیب مسجد برہانیہ، پان گلی، نرمل) نے حاصل کرتے ہوئے دولہا دلہن کو ایجاب و قبول کروایا، اس مسرت کن موقع پر محمد قاسم (معتمد عمومی انجمن فلاح مسلمین) نے حاضرین سے بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ سنت کے مطابق انجام پانے والے نکاح میں اللہ رب العزت کی خاص رحمت اور غیبی مدد شاملِ حال ہوتی ہے اور ایسا بابرکت رشتہ اختیار کرنے والے معاشرے میں کبھی کسی کے محتاج نہیں رہتے، انہوں نے نوجوان نسل سے پرخلوص اپیل کی کہ وہ سماج سے جہیز، بے جا لین دین اور فضول و لاینحل رسومات کے خاتمے کے لیے آگے آئیں تاکہ غریب والدین اپنی بیٹیوں کے فرائضِ ازدواج کو سہولت کے ساتھ پورا کر سکیں اور معاشرے میں ایک پاکیزہ و مثالی رواج قائم ہو، بعد ازاں حافظ احمد حسین نائب قاضی کی رقت آمیز دعا پر اس روح پرور تقریب کا اختتام عمل میں آیا جس میں انجمن فلاح مسلمین کے سرکردہ ذمہ داران محمد حکیم، محمد اعجاز، مصلیانِ مسجد اور کثیر تعداد میں مقامی معززین نے شرکت کر کے نو بیاہتا جوڑوں کو اپنی دلی دعاؤں سے نوازا۔