نوجوانوں کا عروج و زوال ہی قوم کا مستقبل، علم کی شمع سے جہالت کے اندھیروں کو مٹانا وقت کی اہم ضرورت: احمد عبدالحلیم
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 20 مئی: طلباء اور نوجوان کسی بھی معاشرے کا حقیقی اثاثہ اور قوم کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جن کے ارادوں کی بلندی، ہمت اور پاکیزہ کردار پر ہی پوری قوم کے عروج و زوال کا دارومدار ہوتا ہے کیونکہ ربِ کائنات نے جوانی کی مخلصانہ عبادت کو سب سے زیادہ پسند فرمایا ہے اور تاریخِ اسلام ایسے جاں نثار نوجوانوں کے کارناموں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے غلبہ دین کی خاطر دنیا کی تمام آسائشوں اور عیش و عشرت کو ٹھکرا کر الٰہی احکامات کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالا، جبکہ خود سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھ دینے والوں میں بھی سب سے بڑی تعداد نوجوانوں ہی کی تھی، ان ولولہ انگیز خیالات کا اظہار احمد عبدالحلیم (ریاستی سیکریٹری جماعت اسلامی ہند تلنگانہ) نے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) نرمل یونٹ کے زیرِ اہتمام دلاور پور منڈل کے موضع کنجر کی جامع مسجد میں منعقدہ 5 روزہ اسلامک رہائشی تربیتی کیمپ کی پروقار اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر دیں کیونکہ علم ایک ایسا نور ہے جو جہالت کے تمام اندھیروں کو کاٹ کر رکھ دیتا ہے، انہوں نے نوجوانوں کو پنجوقتہ نمازوں کی پابندی کرنے، روزانہ فہمِ قرآن سے جڑنے، وقت کی قدر کرنے اور اپنے اندر اعلیٰ اخلاقی اوصاف پیدا کرنے کی تلقین کی، اس موقع پر محمد منظور محی الدین (ناظم ضلع نظام آباد رورل) نے ایس آئی او کے ذمہ داران کو اس بہترین تعمیری کیمپ کے انعقاد پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے نوجوانوں کو موجودہ فتنوں بالخصوص اسمارٹ فون کے غلط استعمال سے بچنے اور اس کے مثبت و تعمیری استعمال کی سخت ہدایت کی جبکہ غلام درانی (امیر مقامی جماعت اسلامی ہند نرمل) نے شرکائے کیمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں سیکھی ہوئی باتوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنے والدین، اساتذہ اور بزرگوں کا احترام اپنا شعار بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس 5 روزہ رہائشی کیمپ کا اصل مقصد طلباء کی گرمائی تعطیلات کو بامقصد بنانا، انہیں بنیادی اسلامی تعلیمات، سیرتِ طیبہ اور تاریخِ اسلام سے روشناس کروانے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنا، شخصی ارتقاء (پرسنالٹی ڈویلپمنٹ) کرنا اور انہیں معاشرے کا ایک باوقار و ذمہ دار شہری بنانا تھا، واضح رہے کہ اس جامع تربیتی کیمپ کے دوران مختلف اہم موضوعات پر ایم این بیگ زاہد (رکن ریاستی مجلسی شوریٰ)، الیاس احمد راحیل (ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند نرمل)، محمد مبین احمد (امیر مقامی بھینسہ)، ارکانِ جماعت محمد مجاہد، سید سرفراز احمد، نعیم اللہ خان، حافظ مجاہد، حافظ عرفان (امام و خطیب جامع مسجد کنجر)، سید انصار علی (صدر ایس آئی او نظام آباد)، شیخ شکیل احمد (سیکریٹری ایس آئی او نظام آباد)، سید عباس علی (ڈسٹرکٹ آرگنائزر) اور شیخ فیصل (صدر ایس آئی او نرمل یونٹ) نے بھی سیر حاصل خطابات کیے، تقریب کے اختتام پر صدرِ یونٹ شیخ فیصل نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر تمام مہمان مقررین، مخلص معاونین اور انتظامی کمیٹی جامع مسجد کنجر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ کیمپ میں بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے والے اور مختلف علمی و کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طلباء میں مہمانوں کے ہاتھوں قیمتی انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں، اس شاندار تعلیمی و تربیتی کیمپ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے میں سید فاروق (کیمپس سیکریٹری)، سمیر احمد (آئی سی اے آرگنائزر)، سید عباس علی، محمد ارباز اور شیخ سلمان نے انتھک مساعی جمیلہ انجام دیتے ہوئے اپنا کلیدی اور تاریخی رول ادا کیا۔