الفلاح ہائی اسکول عادل آباد کے ایس ایس سی نتائج میں کامیابی کے جھنڈے، مسلسل چھٹے سال صد فیصد نتائج کا ریکارڈ

 دینی و عصری تعلیم کے حسین سنگم نے کامیابی کی نئی تاریخ رقم کر دی، ڈائریکٹر شیخ اعجاز احمد و دیگر کا خطاب



رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 3 مئی 2026
عادل آباد: خطہ عادل آباد میں علم و دانش کے معتبر مرکز الفلاح انگلش میڈیم ہائی اسکول نے ثانوی تعلیمی سند (ایس ایس سی) کے امتحانات میں اپنی روایتی برتری کو برقرار رکھتے ہوئے سال 2021 سے 2026 تک مسلسل چھٹے سال بھی صد فیصد کامیابی کا بے مثال سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس غیر معمولی تعلیمی مظاہرے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے روحِ رواں و کرسپانڈنٹ شیخ اعجاز احمد نے اسے رب العزت کا خاص کرم اور اساتذہ کی شبانہ روز محنت کا ثمر قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ الفلاح ہائی اسکول کا امتیاز محض نصابی کتب تک محدود نہیں بلکہ یہاں طلبہ کی شخصیت سازی میں دینی اقدار اور عصری تقاضوں کا وہ منفرد امتزاج شامل ہے جو انہیں معاشرے کا ایک ذمہ دار اور باصلاحیت شہری بناتا ہے۔ امسال کے نتائج میں طیبہ فردوس نے 600 میں سے 570 نشانات کے ساتھ نمایاں ترین پوزیشن حاصل کی، جبکہ عائشہ مہک، سید الوینہ مہک، عائشہ کوثر، زوبیہ امین اور ذیشان حسین نے بھی اعلیٰ نمبرات کے ساتھ ادارے کا نام روشن کیا۔ ان درخشندہ ستاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسکول کے زیرِ اہتمام ایک باوقار تہنیتی تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت ڈائریکٹر شیخ اعجاز احمد اور پرنسپل نازیہ فرحین نے کی۔ تقریب میں صدر امن فاؤنڈیشن عرفات خان، صحافی عمیم شریف اور خضر احمد یافعی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب طلبہ و ان کے والدین کو شال پوشی، میڈلز اور مومینٹوز سے نوازا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ صرف وہی نسل کر سکتی ہے جو زیورِ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی بلندی سے بھی آراستہ ہو۔ عمران صاحب کی پُر اثر نظامت اور والدین کے تاثرات نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا، جبکہ آخر میں شیخ اعجاز احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کے تابناک مستقبل کے لیے الفلاح ہائی اسکول کے علمی ماحول سے استفادہ کریں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post