بھینسہ: ووٹ میپنگ میں بی ایل اوز کی مبینہ لاپرواہی، کانگریس قائدین کی سب کلکٹر سے مداخلت کی اپیل



 

رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، بھینسہ - 4 مئی 2026: ریاست بھر میں جاری ایس آئی آر (SIR) اور 2002 کی فہرستوں کے مطابق ووٹ میپنگ کے عمل میں بی ایل اوز کی جانب سے برتی جانے والی مبینہ غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث عام شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے سدِ باب کے لیے آج کانگریس قائدین شیخ احد ساحل اور انصار ساگر نے سب کلکٹر دفتر میں منعقدہ 'پرجا وانی' پروگرام میں شرکت کی اور ایک تفصیلی نمائندگی پیش کرتے ہوئے عوامی شکایات سے حکام کو واقف کروایا۔ قائدین نے سب کلکٹر کو بتایا کہ عملے کی جانب سے بروقت جواب نہ ملنے اور عوام کو گھر گھر سہولت فراہم کرنے کے بجائے دفاتر کے چکر لگوانے سے بے چینی بڑھ رہی ہے، جس پر سب کلکٹر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ آج ہی متعلقہ حکام کا اجلاس طلب کر کے اس عمل کو سہل بنایا جائے گا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ احد ساحل نے منتخب بلدیاتی نمائندوں، صدر نشین اور کونسلرز کو ان کی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام تر اختلافات کو فراموش کر کے اس حساس مرحلے پر عوام کی رہنمائی کے لیے میدان میں آئیں اور تمام علاقوں میں میپنگ کے عمل کو گھر گھر جا کر یا عوامی مقامات پر خصوصی کیمپوں کے ذریعے مکمل کروانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ کوئی بھی شہری اپنے دستاویزی حق سے محروم نہ رہے اور شہر میں جاری اس انتظامی عمل کو شفافیت اور خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post