عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسلم علاقوں میں صفائی، پانی کی سربراہی اور بلاتعطل انتظامات کا مطالبہ؛ مجلسِ اتحاد المسلمین نرمل کے وفد کی کلکٹر بھویش مشرا اور میونسپل کمشنر روی بابو سے ملاقات، یادداشت پیش



 

نرمل۔16 مئی (آوازِ نرمل بیورو): صدرِ مجلسِ اتحاد المسلمین، نقیبِ ملت بیرسٹر الحاج اسد الدین اوویسی کی خصوصی ہدایت پر اور محمد ماجد حسین (ایم ایل اے نامپلی، حیدرآباد) و جناب جابر احمد (سابق چیئرمین بلدیہ، بھینسہ) کی زیرِ نگرانی، کل ہند مجلسِ اتحاد المسلمین نرمل یونٹ کے صدر محمد مجاہد علی کی قیادت میں پارٹی قائدین و نمائندوں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج یہاں ڈسٹرکٹ کلکٹر بھویش مشرا اور میونسپل کمشنر روی بابو سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ (بکرید) کے پیشِ نظر مسلم اکثریتی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک تفصیلی یادداشت پیش کی۔ وفد نے حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ عید کے تینوں دن نرمل شہر اور ضلع کے تمام مسلم محلوں بالخصوص عیدگاہوں اور مساجد کے اطراف و اکناف غیر معمولی صفائی و ستھرائی کا انتظام کیا جائے، نالیوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور قربانی کے فضلے (ویسٹیج) کی نکاسی کے لیے بلدیہ کی جانب سے مساجد کے ذریعے بڑے پلاسٹک کوورس (بیگز) مفت تقسیم کیے جائیں تاکہ عوامی سطح پر صفائی برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان تین دنوں کے دوران بلدیہ کے آٹوز اور ٹریکٹرز کے ذریعے فضلے کو فوری منتقل کرنے کے پختہ انتظامات کیے جائیں اور شہر میں پینے کے پانی کی بلاتعطل اور باقاعدہ سربراہی کے علاوہ جہاں ضرورت ہو وہاں پانی کے ٹینکرز کا بھی انتظام کیا جائے۔ وفد نے ضلع انتظامیہ کی توجہ ایک انتہائی حساس اور اہم مسئلے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے واضح کیا کہ قربانی کے لیے لائے جانے والے جانوروں کی منتقلی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا ہراسانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا؛ لہٰذا نام نہاد گاو رکشکوں کے نام پر امن و امان کو بگاڑنے اور مسلم تاجروں و شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف ابھی سے سخت ترین قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہر کا پرامن ماحول برقرار رہ سکے۔ اس موقع پر کلکٹر اور کمشنر نے وفد کی تمام مانگوں کو بغور سنا اور عید کے پرامن و کامیاب انعقاد کے لیے تمام ضروری اور ٹھوس اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ اس وفد میں سید مظہر (جنرل سکریٹری)، طاہر پٹیل (نمائندہ کونسلر وارڈ نمبر 14)، راحیل حمزہ (نمائندہ کونسلر وارڈ نمبر 41)، سید خواجہ لائق علی (سینیئر لیڈر و مقابلہ آرائی کونسلر وارڈ نمبر 40)، سید چاند پاشا (جنرل سکریٹری)، شعیب (مقابلہ آرائی کونسلر وارڈ نمبر 21)، محمد فاروق علی (مقابلہ آرائی کونسلر وارڈ نمبر 38)، محمد امتیاز (مقابلہ آرائی کونسلر وارڈ نمبر 16)، شارق شانو (مقابلہ آرائی کونسلر وارڈ نمبر 9) کے علاوہ مجلس کے دیگر سرکردہ قائدین اور ذمہ داران بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post