بقرعید کو مذہبی ہم آہنگی کی علامت کے طور پر منائیں، امن و امان کی برقراری اولین ترجیح: کلکٹر بی ستیہ پرساد










رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 13 مئی 2026، جگتیال: ضلع کلکٹر بی ستیہ پرساد نے کہا کہ بقرعید کے مقدس تہوار کو ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی اور روایتی بھائی چارے کی علامت کے طور پر منایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چہارشنبہ کو ضلع کلکٹریٹ کے مربوط دفتر میں منعقدہ ضلعی سطح کے امن کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اہم اجلاس میں ضلع ایس پی اشوک کمار، ایڈیشنل ایس پی چیتن نتن، ایڈیشنل کلکٹر بی راج گوڑ اور ضلع اقلیتی بہبود افسر کشور کے علاوہ ہندو و مسلم برادریوں کے مقتدر مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ضلع کلکٹر نے میونسپل کمشنر اور پنچایت حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں اور قربانی کے بعد ویسٹیج کی فوری نکاسی کے لیے بلدیہ کی جانب سے کورز (بیاگز) فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے ویٹرنری ڈاکٹروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے بتایا کہ مویشیوں کی منتقلی پر نظر رکھنے کے لیے ویلگٹور، دھرم پوری، میٹ پلی، کوڈیمیال اور رائیکل کے مقامات پر پانچ خصوصی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر ضلع ایس پی اشوک کمار نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بقرعید کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے ضلع بھر میں بھاری پولیس بندوبست تعینات کیا جا رہا ہے، انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی اشتعال انگیز پوسٹ کی اطلاع فوری حکام کو دیں۔ قبل ازیں انتظامیہ نے مذہبی رہنماؤں کے مشوروں اور تجاویز کو سنا اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔







 

Post a Comment

Previous Post Next Post