جگتیال کے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی، سنٹرل اتحاد ملت اسلامیہ ہند کے زیر اہتمام پروقار تقریبِ ایوارڈز کا انعقاد
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز—11 مئی 2026ء: جگتیال، تلنگانہ (سید غوث) محمد محمود علی افسر، چیئرمین سنٹرل اتحاد ملت اسلامیہ ہند جگتیال نے ایک صحافتی بیان میں اعلان کیا ہے کہ تنظیم کے زیر اہتمام تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ اس پروقار تقریب میں ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ سالِ اول و دوم (تعلیمی سال 2026ء) میں ریاستی سطح پر 90 فیصد سے زائد نشانات حاصل کرنے والے جگتیال ریونیو ڈویژن کے ہونہار طلبہ و طالبات کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ چیئرمین نے بتایا کہ اب تک 70 سے زائد طلبہ اپنے نام درج کروا چکے ہیں۔ اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی جناب ڈاکٹر ایم سنجے کمار (ایم ایل اے، جگتیال) شرکت کریں گے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں جناب ڈاکٹر ریاض (چیئرمین لائبریری، حکومتِ تلنگانہ)، سمندلا وانی سرینواس (چیئرپرسن میونسپل کونسل، جگتیال)، محترمہ انجینئر ساجدہ خان (حیدرآباد)، جناب مسیح الدین افسر انجینئر (سرپرستِ اعلیٰ امارتِ ملت اسلامیہ)، اور جناب سید رؤف حسین تلوار (کریم نگر) شامل ہیں۔ تقریب میں شہر جگتیال کی ممتاز سیاسی، سماجی، مذہبی اور تعلیمی شخصیات بھی بطور مہمانِ اعزازی شرکت کریں گی۔ یہ تقریب مورخہ 16 مئی 2026ء بروز ہفتہ، رات ٹھیک 8:30 بجے بمقام مدینہ گیسٹ ہاؤس، گورے میاں چوراہا، جگتیال منعقد ہوگی۔ منتظمین کی جانب سے والدین اور طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ وقتِ مقررہ پر شرکت فرما کر طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں۔