​عادل آباد اور نرمل میں ترقیاتی انقلاب: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے رکھا کروڑوں کے منصوبوں کا سنگ بنیاد






 

06 اپریل 2026ء—نمائندہ: فاضل ہاشمی، آوازِ نرمل نیوز: عادل آباد، تلنگانہ حکومت کے 'پراجا پالنا - پرگتی پرنالیکا' پروگرام کے تحت ریاست کے پسماندہ اضلاع کی تقدیر بدلنے کا عزم دہراتے ہوئے وزیر اعلیٰ شری اے. ریونت ریڈی نے ضلع عادل آباد کے بازار ہتھنور منڈل کے موضع پپری میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا اور دیگر وزراء و عوامی نمائندوں کی موجودگی میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور کئی مکمل شدہ پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔ ان اہم منصوبوں میں ضلع نرمل کے دلاور پور منڈل کے موضع سرگا پور میں 200 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا 'ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈنشیل اسکول کمپلیکس' اور بویتھ حلقہ کے اڈیگاما میں اسی قدر بھاری لاگت سے بننے والا یانگ انڈیا انٹیگریٹڈ گروکل اسکول نمایاں ہیں، جو خطے میں تعلیمی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ اس کے علاوہ، حکومت نے عوامی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے بویتھ منڈل کے پوچیرا میں 45.15 کروڑ روپے کی لاگت سے ایڈوانس ٹیکنالوجی سینٹر، سری ناگوبا مندر کی تزئین و آرائش کے لیے 20.10 کروڑ، اور عادل آباد میں اقلیتی طالبات کے لیے 20 کروڑ روپے کی لاگت سے مائنارٹی ریزیڈنشیل اسکول و جونیئر کالج کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو جاری رکھتے ہوئے سری کونڈہ منڈل میں 13.46 کروڑ کا نیا پل عوام کے نام وقف کیا گیا، جبکہ اتنور میں آئی ٹی ڈی اے (ITDA) کی نئی عمارت، جئینتھ میں مہاتما جیوتی با پھولے بی سی گروکل اسکول، اور عادل آباد میونسپلٹی میں 30 کروڑ روپے کے 38 مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ کسانوں کی خوشحالی کے لیے پپری، تیجا پور، اور متنور (تریوینی سنگم) جیسے علاقوں میں کروڑوں روپے کے لفٹ اریگیشن اسکیموں اور چیک ڈیموں کا جال بچھایا جا رہا ہے، جبکہ بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بویتھ حلقہ کے مختلف دیہاتوں میں 8.99 کروڑ کی لاگت سے تین نئے برقی سب اسٹیشنز بھی تعمیر کیے جائیں گے، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت ہر طبقے اور ہر علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے پوری شدت کے ساتھ کوشاں ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post