ضلع نرمل کی خوش قسمتی: کلکٹر ابھیلاشا ابھینو کی انتھک محنت رنگ لائی، دو قومی 'اسکاچ ایوارڈز' سے ضلع کا نام روشن
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
آوازِ نرمل رپورٹ | 09 اپریل 2026 | نمائندہ: فاضل ہاشمی — ضلع نرمل نے ایک بار پھر قومی سطح پر اپنی کامیابی کا پرچم لہراتے ہوئے دو باوقار "گولڈ اسکاچ آرڈر آف میرٹ" ایوارڈز اپنے نام کر لیے ہیں، جو کہ ضلع کی ترقی اور عوامی بہبود کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ کلکٹر ابھیلاشا ابھینو کی قیادت میں مٹیرنل اموات (شرحِ امواتِ زچگی) کو کم کرنے کے لیے شروع کیے گئے انقلابی پروگرام "امّا رکشیتا" نے قومی سطح پر داد و تحسین حاصل کی، جس کے تحت ہائی رسک حاملہ خواتین کی بروقت شناخت، ہیلپ ڈیسک کے قیام اور مسلسل طبی نگرانی کے ذریعے زچگی کے دوران ہونے والی اموات کو سنگل ڈیجٹ تک لانے میں غیر معمولی کامیابی ملی ہے۔
اسی طرح، نرمل کی عالمی شہرت یافتہ لکڑی کے کھلونوں کی صنعت کو بقا فراہم کرنے کے لیے "پونیکی ونم" (Poniki Vanam) کے قیام کو بھی قومی سطح پر سراہتے ہوئے اسکاچ ایوارڈ سے نوازا گیا، جس پر ضلع لائبریری چیرمین جناب سید ارجمند علی صاحب نے کلکٹر کیمپ آفس پہنچ کر کلکٹر موصوفہ کو شال پوشی کی اور ان کی گراں قدر خدمات پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات حکام کی تڑپ اور مخلصانہ کوششوں کا ثبوت ہیں جن سے پورے ضلع کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔