مجاہدِ آزادی رام جی گونڈ کی قربانیاں مشعلِ راہ، نوجوان ان کے نقشِ قدم پر چلیں: ایمبڑی راجیشور
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 9 اپریل 2026 | نمائندہ فاضل ہاشمی، آوازِ نرمل نیوز— برطانوی سامراج کے خلاف نبرد آزما رہنے والے عظیم مجاہدِ آزادی اور جنگجو جری رام جی گونڈ کے 166 ویں یومِ شہادت کے موقع پر آج یہاں نرمل کے تاریخی مقام چین گیٹ پر واقع ان کے مجسمے پر گلباری کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس باوقار تقریب میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے اسٹیٹ جنرل سکریٹری جناب ایمبڑی راجیشور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر عظیم شہید کی قربانیوں کو یاد کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رام جی گونڈ نے وطن کی مٹی اور اپنے عوام کے حقوق کی خاطر جس بے جگری سے مقابلہ کیا، وہ تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے اور آج کے نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسے عظیم سپوتوں کو اپنا آئیڈیل بنائیں تاکہ معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رام جی گونڈ کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی ہم ایک مستحکم سماج کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ اس پروقار تقریب میں این آر آئی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن سودیش پرکی پنڈلہ، سابق سرپنچ گنگادھر، کنڈلی کے سابق سرپنچ سرینواس گوڈ، کانگریس ایس ٹی سیل کے ٹاؤن پریسیڈنٹ راٹھور امباجی کے علاوہ کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین نامپلی نرسیا، سنتوش، راجو گوڈ اور دیگر محبانِ وطن نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے شہیدِ وطن کو اپنی عقیدتوں کا نذرانہ پیش کیا۔