انٹرمیڈیٹ نتائج میں ضلع نرمل کے طلبہ کا شاندار مظاہرہ، کلکٹر ابھیلاشا ابھینو کی مبارکباد


 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز — 12 اپریل 2026 — نمائندہ: طیب بن صلاح — انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج میں ضلع نرمل کے طلبہ کی نمایاں کامیابی اور غیر معمولی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو نے تمام کامیاب طلبہ، محنتی اساتذہ اور سرپرستوں کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے؛ اپنے ایک جامع صحافتی بیان میں انہوں نے اعداد و شمار کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جاری کردہ نتائج کے مطابق ضلع نرمل نے پہلی جماعت (First Year) میں 62.93 فیصد کامیابی کے ساتھ ریاست بھر میں 12واں رینک حاصل کیا ہے، جبکہ دوسری جماعت (Second Year) میں 73.43 فیصد کے شاندار تناسب سے ریاست میں 13ویں پوزیشن درج کروا کر ضلع کا وقار بلند کیا ہے۔ ضلع کلکٹر نے طلبہ کی تعلیمی لگن کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں مزید بلندیوں کو چھونے کی ترغیب دی اور واضح کیا کہ جن طلبہ کو اس بار کامیابی نہیں ملی وہ قطعی مایوس نہ ہوں بلکہ نئے عزم اور دوگنی محنت کے ساتھ دوبارہ میدانِ عمل میں اتریں کیونکہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ انہوں نے اس تعلیمی ترقی کا سہرا اساتذہ کی بہترین رہنمائی اور والدین کی مسلسل حوصلہ افزائی کے سر باندھتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں ضلع نرمل ریاست کے تعلیمی نقشے پر اولین مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post