عزم و حوصلہ ہو تو منزلیں خود راستہ بناتی ہیں: سرکاری کالج کی دو سگی بہنوں کا انٹرمیڈیٹ امتحانات میں فقید المثال کارنامہ
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
خصوصی رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز مورخہ 12 اپریل 2026ء انٹرمیڈیٹ کے سالانہ نتائج کے اس پُرمسرت موقع پر آوازِ نرمل نیوز کی پوری ٹیم ریاست تلنگانہ کے تمام کامیاب طلباء و طالبات کو دلی مبارکباد اور ہدیہ تبریک پیش کرتی ہے، اسی تعلیمی کامیابی کے تسلسل میں ضلع نرمل کے افق پر دو درخشندہ ستاروں کا ظہور ہوا ہے جہاں ایک ہی خاندان کی دو سگی بہنوں نے بغیر کسی نجی ٹیوشن یا مہنگی کوچنگ کے، محض اپنی شبانہ روز محنت اور پختہ عزم سے انٹرمیڈیٹ میں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کر کے سب کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے، اسماعیل حسین کی صاحبزادیوں نکہت فاطمہ اور مدحت فاطمہ نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر جذبہ سچا ہو تو سرکاری تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم رہ کر بھی کامیابی کی عظیم بلندیاں چھوئی جا سکتی ہیں، بڑی بہن نکہت فاطمہ نے انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر (BiPC) میں مجموعی طور پر 1000 نشانات میں سے 932 نمبرات حاصل کر کے 'اے گریڈ' کے ساتھ کالج بھر میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی، جبکہ ان کی چھوٹی بہن مدحت فاطمہ نے بھی انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں مجموعی 470 نشانات میں سے 425 نمبرات حاصل کر کے اپنی غیر معمولی ذہانت کا لوہا منوایا ہے، ان ہونہار بیٹیوں کی اس عظیم الشان کامیابی پر ایڈیٹر ان چیف آوازِ نرمل نیوز و پروپریٹر یافعی سی سی ٹی وی سکیورٹی سسٹم جناب عثمان بن عقیل نے گہرے مسرت و انبساط کا اظہار کرتے ہوئے ان بچیوں، ان کے والدین اور اساتذہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے اور اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ "بغیر کسی بیرونی امداد اور نجی ٹیوشن کے ان طالبات کی یہ کامیابی ضلع کے تمام طلباء کے لیے مشعلِ راہ ہے، ان کی تعلیمی لگن نے ثابت کر دیا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی"، اردو میڈیم سے وابستہ ان طالبات کا یہ کارنامہ نہ صرف ان کے خاندان کے لیے باعثِ صد افتخار ہے بلکہ یہ ان تمام طلباء کے لیے ایک روشن مثال ہے جو نامساعد حالات کے باوجود کچھ کر گزرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں، اس وقت پورے ضلع میں ان طالبات کی اس فقید المثال کامیابی کا تذکرہ عام ہے اور مختلف عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ دراز ہے۔