درگاہ صوفی نگر نرمل میں سالانہ فاتحہ و سندل مبارک کی روح پرور تقریب کا انعقاد



سجادہ نشین صوفی محمد ذاکر حسین ذیشان پاشا کا ’صبر و تقویٰ‘ پر بصیرت افروز خطاب، زائرین کی کثیر تعداد میں شرکت






نرمل: 8 اپریل (آوازِ نرمل نیوز ) ضلع نرمل کے مضافاتی علاقہ صوفی نگر میں واقع درگاہ شریف میں 18 شوال المکرم 1447ھ مطابق 7 اپریل 2026ء بروز منگل، شہنشاہِ صبر و رضا، فخر الکاملین حضرت صوفی شاہ محمد ذاکر المعارف اقبال پاشا قادری شطاری سرمدی سرمس قلندری رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ فاتحہ و سندل مبارک نہایت عقیدت و احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس روحانی و نورانی تقریب میں مقامی مریدین کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع سے وابستگانِ سلسلہ اور عقیدت مندوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز بعد نمازِ عشاء ’حلقۂ ذکر‘ (حلقۂ طریقت) سے ہوا، جہاں پیر بھائیوں نے پرکیف انداز میں اجتماعی ذکرِ الٰہی بلند کیا۔ ذکر کی اس محفل نے پورے ماحول کو روحانیت سے معطر کر دیا، جس کے بعد "صبر اور تقویٰ" کے عنوان پر ایک ایمان افروز جلسہ منعقد ہوا۔ نامور نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور منقبت کے ذریعے اولیائے کرام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر حضرت قبلہ صوفی شاہ محمد ذاکر حسین ذیشان پاشا المعروف نواز علی شاہ قادری شطاری، سجادہ نشین درگاہ شریف صوفی نگر نرمل نے صدارتی خطاب فرمایا۔ انہوں نے عصرِ حاضر میں صبر اور تقویٰ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "کامیابی کا راستہ نماز کی پابندی اور اسلامی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہونے میں ہی مضمر ہے"۔ انہوں نے حاضرین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگیوں کو تقویٰ کے زیور سے آراستہ کریں۔ خطاب کے فوراً بعد محفلِ سندل مبارک کی رسم ادا کی گئی۔ درگاہ شریف میں روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ صندل پیش کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی رقت انگیز دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر زائرین کے لیے وسیع پیمانے پر لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ پوری تقریب نظم و ضبط اور روحانیت کا ایک اعلیٰ نمونہ ثابت ہوئی، جس نے شرکاء کے قلوب کو منور کر دیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post