عازمینِ حج کے لیے نرمل میں تربیتی کیمپ، مولانا مظہر قاسمی کے ہاتھوں مناسکِ حج کی عملی تربیت
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
8 اپریل (نامہ نگار/ فاضل ہاشمی، آوازِ نرمل نیوز): خادم الحجاج سوسائٹی نرمل کے زیراہتمام مقامی آئی اے فنکشن ہال میں عازمینِ حج کے لیے ایک روزہ تربیتی کیمپ کا تزک و احتشام کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مرکزی حج کمیٹی کے ٹرینر مولانا مظہر قاسمی نے عازمین کو حج و عمرہ کے ارکان کی فقہی و انتظامی تربیت دی۔ دو سیشنز پر مشتمل اس کیمپ کے دوران مولانا مظہر قاسمی نے میقات، احرام کے مسائل، طوافِ زیارت، سعی اور وقوفِ عرفات جیسے اہم ارکانِ حج کی تفصیل بیان کی۔ انہوں نے عازمین کو تلقین کی کہ وہ دیارِ مقدس میں اپنا زیادہ تر وقت ذکر و اذکار میں صرف کریں اور مناسک کی ادائیگی میں شرعی اصولوں کی پاسداری کریں۔ اس تربیتی اجتماع میں چیئرمین ضلع لائبریری سید ارجمند علی نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی اور عازمین کو رختِ سفر باندھنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے ملک و قوم کے حق میں دعاؤں کی استدعا کی۔ تقریب میں جنید میمن اور دیگر سرکردہ شخصیات بھی موجود تھیں۔ پہلے سیشن کے بعد نمازِ ظہر اور طعام کا وقفہ رہا جس کے بعد دوسرے تربیتی سیشن کا آغاز ہوا۔ واضح رہے کہ امسال ضلع نرمل سے جملہ 87 عازمینِ حج روانہ ہو رہے ہیں جن میں سے 42 کا تعلق شہرِ نرمل سے ہے۔ خادم الحجاج سوسائٹی کے منتظمین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور عازمین کے حق میں دعائے خیر فرمائی۔