ضلع کلکٹر ابھیلاشہ ابھینو کی زیرِ صدارت اہم جائزہ اجلاس: دھان کی خریداری اور طبی خدمات میں بہتری کے لیے حکام کو کلیدی ہدایات




 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | بتاریخ: 18 اپریل 2026 | نمائندہ: فاضل ہاشمی — ضلع کلکٹر ابھیلاشہ ابھینو نے کلکٹریٹ میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ یکے بعد دیگرے دو اہم جائزہ اجلاس منعقد کیے، جن میں ضلع میں دھان کی خریداری اور سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ پہلے اجلاس میں کلکٹر نے واضح کیا کہ دھان کی خریداری کے عمل کو کسانوں کے لیے سہل اور شفاف بنانا اولین ترجیح ہے؛ انہوں نے حکم دیا کہ خریداری مراکز پر پینے کے پانی، ٹینٹ اور آرام گاہوں جیسے تمام ضروری انتظامات وقت سے پہلے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے باردانہ (گنی بیگز)، وزن کی مشینوں اور نمی چیک کرنے والے آلات کی پیشگی جانچ کی بھی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر کشور کمار، ڈی آر ڈی او وجیہ لکشمی، محکمہ زراعت کے آفیسر انجی پرساد، راجیندر، سدھاکر اور ملرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شریک تھے۔
اسی تسلسل میں کلکٹر نے محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ دوسری اہم میٹنگ کی، جس میں انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں طبی خدمات کے معیار پر سخت زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہسپتالوں میں او پی (OP) کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور خاص طور پر حاملہ خواتین، معمر افراد اور بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر علاج فراہم کیا جائے۔ کلکٹر ابھیلاشہ ابھینو نے زور دیا کہ ہسپتالوں میں عام زچگی (Normal Delivery) کے فیصد کو بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر (DM&HO) راجیندر اور دیگر طبی عملہ بھی موجود تھا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post