

رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 18 اپریل 2026 | نمائندہ: فاضل ہاشمی—نرمل کی ہردلعزیز اور معتبر شخصیت، چیرمین ضلع لائبریری کمیٹی جناب سید ارجمند علی نے شہر کے مصروف ترین مرکز عیدگاہ چوراستہ پر گزشتہ ایک ماہ سے جاری عوامی اذیت اور ٹرافک کی بدحالی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پولیس انتظامیہ سے اس کا فوری حل طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ آوازِ نرمل نیوز نے گزشتہ دنوں اس عوامی مسئلے پر ایک جامع ویڈیو رپورٹ نشر کرتے ہوئے حکام کی توجہ مبذول کروائی تھی، جس کے بعد سید ارجمند علی نے ایک ذمہ دار عوامی قائد کے طور پر خود صورتحال کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور ضلع ایس پی محترمہ جانکی شرمیلا سے ملاقات کر کے ایک ٹھوس مکتوب پیش کیا۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ چوراستے کے دونوں جانب بیریکیڈس کی تنصیب نے رام نگر، بھاگیہ نگر، آدرش نگر اور دیگر ملحقہ بستیوں کے مکینوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، لوگ طویل مسافت سے بچنے کے لیے اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر غلط سمت سے سفر کرنے پر مجبور ہیں جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ چیرمین سید ارجمند علی نے ایس پی سے مطالبہ کیا کہ ان غیر ضروری رکاوٹوں کو فی الفور ختم کر کے وہاں باقاعدہ ٹرافک سگنلز نصب کیے جائیں تاکہ نظام میں شفافیت اور روانی پیدا ہو سکے۔ ان کی اس مخلصانہ پہل کو آوازِ نرمل نیوز کی مہم کے تسلسل اور عوامی مفاد کی جیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور مقامی حلقوں میں ان کے اس فوری ایکشن کی بھرپور ستائش کی جا رہی ہے۔