معمارِ دستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے یومِ پیدائش پر تلنگانہ مسلم ایکتا تنظیم کا پروقار خراجِ عقیدت
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
14 اپریل 2026: (رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، نمائندہ: فاضل ہاشمی) بھارتی دستور کے عظیم المرتبت معمار، بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے یومِ پیدائش کے مبارک موقع پر آج ضلع نرمل کے قلب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں تلنگانہ مسلم ایکتا تنظیم کے صدر شیخ مجاہد اور ان کے رفقائے کار نے والہانہ شرکت کی۔ اس موقع پر تنظیم کے سربراہ شیخ مجاہد نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر گلباری کرتے ہوئے انہیں عقیدت کے نذرانے پیش کیے اور اپنے خطاب میں کہا کہ بابا صاحب کے افکار و نظریات رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے؛ انہوں نے سماجی برابری اور عدل و انصاف کی بحالی کے لیے جو تاریخی جدوجہد کی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امبیڈکر جی نے ایک ایسا ہمہ گیر اور مثالی دستور مرتب کیا جس نے تمام مذاہب اور طبقات کو مساوی حقوق فراہم کر کے ملک کے جمہوری ڈھانچے کو مضبوط کیا، اور ہماری یہ جماعت بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مظلوموں کی حمایت اور عوامی خدمت کے مشن کو پوری تندہی سے جاری رکھے گی۔ اس موقع پر نائب صدر عبدالساجد، افروز پاشاہ خان، مسیب، کریم اور دیگر معزز اراکین نے شرکت کر کے بابا صاحب کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کو دہرایا۔