نرمـل: سڑک حادثات کے تدارک کے لیے ’ارائیو الائیو‘ مہم کا آغاز، ڈی جی پی شیوادھر ریڈی کی شرکت





رپورٹ: آوازِ نرمـل نیوز | تحریر: ادارہ | نمائندہ: فاضل ہاشمی: انسانی زندگی کی قدر و قیمت اور سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کے تدارک کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے سون منڈل ہیڈ کوارٹر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جہاں ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) شیوادھر ریڈی نے ’ارائیو الائیو‘ (Arrive Alive) پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو اور ضلع ایس پی جانکی شرمیلا کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو دوچند کر دیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے پرزور انداز میں کہا کہ ٹریفک قوانین محض ضابطے نہیں بلکہ زندگی کی ضمانت ہیں؛ انہوں نے ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے لازمی استعمال، ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے خاتمے اور کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر سخت گرفت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے قانون کی پاسداری کی اپیل کی۔ کلکٹر ابھیلاشا ابھینو نے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ سڑک تحفظ کی مہم کو دیہی سطح تک پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ ایس پی جانکی شرمیلا نے جذباتی پیرائے میں واضح کیا کہ ہر فرد کی بحفاظت گھر واپسی ہی پولیس انتظامیہ کا اصل مقصد ہے۔ تقریب کے دوران جہاں شرکاء نے سڑک تحفظ کا حلف لیا، وہیں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے پر گلباری کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس اہم موقع پر ڈی ایف او سشانت سکھدیو، ایڈیشنل ایس پیز راجیش مینا، سائی کرن، ڈی پی او سرینواس، ڈی ایم ایچ او راجندر، ایم وی آئی مہیندر، سرپنچ ونزا اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ مقامی باشندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔


Post a Comment

Previous Post Next Post