علمی فضیلت کا جشن؛ آئیڈیل انگلش میڈیم اسکول اسرا کالونی میں 'گریجویشن ڈے' کی یادگار تقریب




 آوازِ نرمل نیوز 20 اپریل 2026نرمل شہر کے علمی افق پر درخشاں ستارے کی مانند ابھرتے ہوئے ادارے آئیڈیل انگلش میڈیم اسکول، اسرا کالونی برانچ میں 'گریجویشن ڈے' کی ایک پُروقار تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں مستقبل کے ان معماروں کی سال بھر کی تعلیمی جدوجہد اور غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کیا گیا۔ اس پُر مسرت موقع پر ہونہار طلبہ و طالبات میں میڈلز، سرٹیفکیٹس اور اعزازات تقسیم کیے گئے، جس سے پنڈال میں موجود ہر فرد کا دل خوشی سے لبریز ہو گیا۔ اسکول کے ڈائریکٹر و چیئرمین جناب شیخ شبیر احمد نے اپنے خطاب میں ادارے کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئیڈیل اسکول کی اسرا کالونی برانچ نے اپنے پہلے ہی تعلیمی سال میں اباکس کے زونل مقابلوں میں اول مقام حاصل کر کے اور 'بیسٹ پرنسپل ایوارڈ' جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، جو کہ ہماری ٹیم کے اخلاص اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پرنسپل جناب محمد زیشان شیخ نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا نصب العین بچوں کی ہمہ جہت تربیت ہے، اسی لیے یہاں نصاب کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں کا بھی مثالی انتظام رکھا گیا ہے۔ اس تقریب میں ڈین اکیڈمکس محترمہ ثنا کونین اور دیگر معزز اساتذہ نے شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض محترمہ ماہین نے نہایت شستہ اور دلکش انداز میں انجام دیے۔ والدین نے اسکول کے تعلیمی نظم و ضبط کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے اسے شہر کے لیے ایک بہترین علمی تحفہ قرار دیا۔


Post a Comment

Previous Post Next Post