نرمل میں اردو آنگن واڑی مراکز کا قیام اور عیدگاہ چورستہ کی بحالی ناگزیر؛ مجلسِ اتحاد المسلمین کی ضلع کلکٹر سے بھرپور نمائندگی
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | تاریخ: 14 اپریل 2026 | نمائندہ: طیب بن صلاح: مجلسِ اتحاد المسلمین ضلع نرمل کے صدر جناب محمد مجاہد علی کی زیرِ قیادت ایک باوقار وفد نے آج ضلع کلکٹر محترمہ ابھیلا شاہ ابھینو صاحبہ سے کلکٹریٹ میں ملاقات کی اور انھیں عوامی و تعلیمی مسائل پر مبنی ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم کے 15 نکاتی پروگرام کی روشنی میں مسلم آبادی والے علاقوں میں 'اردو آنگن واڑی مراکز' فی الفور قائم کیے جائیں، تاکہ نونہالانِ قوم اپنی مادری زبان میں ابتدائی تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ ہو سکیں؛ اس اقدام سے نہ صرف اردو زبان کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ اردو داں خواتین کے لیے بطور اساتذہ اور مددگار روزگار کی نئی راہیں بھی وا ہوں گی۔ وفد نے ضلع کلکٹر کی توجہ 'عیدگاہ چورستہ' کی طویل بندش سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کی جانب بھی مبذول کرواتے ہوئے زور دیا کہ آسرا کالونی، مدینہ کالونی، رام نگر اور آدرش نگر سمیت مضافاتی دیہاتوں کی عوام شدید اذیت کا شکار ہے، لہٰذا اس عوامی گزرگاہ کو فی الفور بحال کیا جائے، جس پر کلکٹر صاحبہ نے تمام مطالبات پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے تیزی سے اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر طاہر (نمائندہ کونسلر)، راحیل حمزہ (نمائندہ کونسلر)، سید مظہر (جنرل سکریٹری)، محمد مظہر، سید ابرار (سابق کونسلر)، سلمان شیخ (مقابل امیدوار)، سید خواجہ لائق علی، فاروق علی، محمد امتیاز، محمد شعیب، شانو، حافظ احمد صاحب، سلمان اور دیگر سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔