نرمل میں بابا صاحب امبیڈکر کا 135 واں یومِ پیدائش: سماجی انصاف اور مساوات کے عہد کی تجدید


 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 14 اپریل 2026 | نمائندہ: فاضل ہاشمی، آوازِ نرمل نیوز: نرمل شہر کے ٹینک بنڈ پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے پر پھول مالا عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کا 135 واں یومِ پیدائش نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس پروقار تقریب میں کانگریس پارٹی کے حلقہ انچارج کوچاڑی سری ہری راؤ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اپنے خطاب میں بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر صرف دستورِ ہند کے معمار ہی نہیں بلکہ وہ سماجی انصاف، انسانی حقوق اور مساوات کے عالمی علمبردار تھے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دلت، پسماندہ اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے امبیڈکر کی جدوجہد تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سری ہری راؤ نے عوام کو بابا صاحب کا پیغام "تعلیم حاصل کرو، منظم ہو جاؤ اور جدوجہد کرو" یاد دلاتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے سماج میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ امبیڈکر کے نظریات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ایک ایسے معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں جہاں ہر شہری کو یکساں حقوق میسر ہوں۔ اس موقع پر ضلع ڈی سی سی صدر و رکنِ اسمبلی خاناپور بوجو پٹیل، سابق وزیر الّولہ اندرا کرن ریڈی، میونسپل وائس چیئرمین اپالا گنیش چکرورتی سمیت کانگریس پارٹی کے قائدین، کارکنان اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بابا صاحب کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم دہرایا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post