کاماریڈی بنے گا کھیلوں کا عالمی مرکز: 8.90 کروڑ سے اندرا گاندھی اسٹیڈیم کی کایا پلٹ، شبیر علی کے ہاتھوں تعمیراتی کاموں کا سنگِ بنیاد





 آوازِ نرمل نیوز رپورٹ: فاضل ہاشمی (11 اپریل 2026): ریاست تلنگانہ کو کھیلوں کا مرکز (اسپورٹس ہب) بنانے کے عزمِ مصمم کے ساتھ حکومتِ وقت نے کاماریڈی شہر کی ترقی کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت شہر کے قلب میں واقع اندرا گاندھی اسٹیڈیم کی جدید کاری اور مجوزہ انڈور اسٹیڈیم کی تعمیر کا سنگِ بنیاد مشیرِ حکومت جناب محمد علی شبیر کے ہاتھوں رکھا گیا۔ ہفتہ کے روز اعلیٰ حکام کے ہمراہ اسٹیڈیم کا معائنہ کرتے ہوئے جناب محمد علی شبیر نے 8 کروڑ 90 لاکھ روپے کے خطیر بجٹ سے جاری ہونے والے ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کیا اور معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر ستمبر تک ان کاموں کو مکمل کرنے کی سخت ہدایت دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے میں بین الاقوامی معیار کا رننگ ٹریک، جدید ترین ڈرینج سسٹم، وسیع گیلری، رائفل شوٹنگ رینج، جدید جمنازیم، والی بال اور ٹینس کورٹ جیسی سہولیات شامل ہوں گی، جبکہ مستقبل میں وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بعد یہاں ایک سوئمنگ پول کی تعمیر بھی زیرِ غور ہے۔ جناب شبیر علی نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت دیہی باصلاحیت کھلاڑیوں کو اولمپکس جیسے عالمی مقابلوں تک پہنچانے کے لیے ریاست میں اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام پر بھی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ اس باوقار تقریب میں ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، لائبریری چیئرمین مڈی چندرکانت ریڈی، میونسپل چیئرپرسن ایپا اوما سرینواس، اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے کاماریڈی کی اس نئی پہچان پر مسرت کا اظہار کیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post