باصر ٹیمپل کی کایا پلٹ کا تاریخی آغاز: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے 225 کروڑ کے ماسٹر پلان کی رکھی بنیاد
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
نرمل: 06 اپریل 2026 | نمائندہ: فاضل ہاشمی (آوازِ نرمل): ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے آج ضلع نرمل کے مقدس و تاریخی مقام باصر کا دورہ کرتے ہوئے سری گیانا سرسوتی دیوی مندر کی تعمیر و ترقی کے لیے 225 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے تیار کردہ جامع ماسٹر پلان کا سنگِ بنیاد رکھا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باصر کو ملک کے بہترین روحانی مراکز کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا، ضلع انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور وزیر اوقاف کونڈا سریکھا کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے باصر پہنچ کر مندر میں خصوصی پوجا ارچنا کی اور اپنے پوتے کی رسمِ ’اکشرا ابھیاسم‘ ادا کی، جس کے بعد انہوں نے مدھول میں 200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ’ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ اسکول‘ کا بھی سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ابھیلاشہ ابھینو، ایس پی جانکی شرمیلا، ایم ایل اے ویڈما بھوجو پٹیل اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور ضلع کی ثقافتی وراثت پر مبنی ’کافی ٹیبل بک‘ کی رونمائی کے دوران معزز مہمانوں کو نرمل کے عالمی شہرت یافتہ لکڑی کے کھلونے اور پینٹنگز بطور یادگار پیش کی گئیں۔ اس پروقار تقریب میں ارکانِ پارلیمنٹ، اراکینِ اسمبلی اور مختلف محکموں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جہاں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ان ترقیاتی کاموں سے زائرین کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی۔