
بھینسہ: 29 مارچ 2026 (آوازِ نرمل بیورو) نیکی کا جذبہ اور انسانیت کی تڑپ آج بھی دلوں میں زندہ ہے، جس کی ایک تابندہ مثال بھینسہ کے جی بی این (GBN) ہاسپٹل میں اس وقت دیکھنے کو ملی جب موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا سمیرا خانم نامی مریضہ کے لیے نایاب ترین بلڈ گروپ 'O-Negative' کی فوری ضرورت پیش آئی۔ ہیموگلوبن کی شدید کمی کے باعث مریضہ کی حالت لمحہ بہ لمحہ نازک ہوتی جا رہی تھی، جس پر اہل خانہ نے بے بسی کے عالم میں 'ہمارا سہارا یوتھ' کے ریاستی صدر ایوب احمد اور ٹاؤن صدر تمجید کاشف سے رجوع کیا۔ ان نوجوانوں نے روایتِ خدمت کو برقرار رکھتے ہوئے فوری طور پر ریگولر ڈونر سید شہباز کو پیغام بھیجا، جنہوں نے انسانیت کی پکار پر لبیک کہنے میں ایک لمحے کی تاخیر بھی گوارا نہ کی اور محض چند منٹوں میں 'جیون دان بلڈ بینک' پہنچ کر اپنا قیمتی لہو عطیہ کر دیا، جس کے نتیجے میں مریضہ کی جان بچ گئی۔ اس موقع پر ایوب احمد، تمجید کاشف، اہل خانہ اور بلڈ بینک ٹیکنیشن وشال کی موجودگی میں سید شہباز کے اس ایثار و قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا، کیونکہ آپ کا ایک قطرہ خون کسی مرجھاتے ہوئے گھرانے کے لیے زندگی کی نوید بن سکتا ہے۔
"خون کا عطیہ—زندگی کا تحفہ"