جماعتِ اسلامی ہند نرمل کے زیرِ اہتمام 'عید ملاپ' تقریب: ملی و سماجی ہم آہنگی کا بے مثال مظاہرہ


شہر کی ممتاز سیاسی، تعلیمی اور سماجی شخصیات کی شرکت؛ اتحاد و انسانیت کے پیغام پر زور






نرمل: 29 مارچ 2026 (آوازِ نرمل خصوصی رپورٹ): جماعتِ اسلامی ہند یونٹ نرمل کے زیرِ اہتمام آج یہاں مقامی پینشنرس بھون (اولڈ تحصیل آفس) میں ایک انتہائی باوقار اور یادگار 'عید ملاپ' پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب کی صدارت محترم محمد اظہر الدین (صدر جماعتِ اسلامی ہند، ریاست تلنگانہ) نے فرمائی، جبکہ محترم محمد صدیق احمد (نائب صدر ریاست) نے بحیثیت شریکِ صدر شرکت کی اور اپنے بصیرت افروز خطاب میں عید کی حقیقی روح اور انسانی ہمدردی کے پیغام کو اجاگر کیا۔

​تقریب میں شہر کے معزز علمائے کرام جناب حکیم محمد رشید خان قاسمی (صدر قاضی نرمل) اور جناب مولانا عبد العلیم قاسمی (نائب قاضی) نے شرکت کی۔ اگرچہ مہمانِ خصوصی جناب سید ارجمند علی (چیئرمین ڈسٹرکٹ لائبریری) اور شری اپالا گنیش چکرورتی (وائس چیئرمین بلدیہ) بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر شریک نہ ہو سکے، تاہم پروگرام اپنے طے شدہ وقت پر نہایت نظم و ضبط کے ساتھ جاری رہا۔ اس موقع پر جناب مجیب قادری (پرنسپل بلو اسٹار اسکول) اور جناب محمد ارشد علی (اردو آفیسر، کلکٹریٹ کاماریڈی) نے عید کی سماجی اہمیت اور باہمی رواداری پر جامع گفتگو کی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ مختلف مذاہب کے نمائندوں شری پجاری آنند مہاراج، ریورنڈ ایس سشیل کمار اور بابا گرو نام سنگھ جی نے بھی اتحاد و یگانگت کا پیغام دیا۔

​پروگرام میں شہر کی دیگر معزز سماجی و تعلیمی شخصیات بشمول جناب محمد عرفان (کونسلر)، جناب محمد زکی، جناب احمد حسیب علی (ریٹائرڈ پرنسپل)، جناب ایم اے رحیم (ریٹائرڈ) اور جناب عثمان بن عقیل (ایڈیٹر ان چیف "آوازِ نرمل نیوز" و مالک یافائی سی سی ٹی وی سیکیورٹی سسٹم) نے بطور مہمان شرکت کی۔ ان تمام معززین نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کی ستائش کی۔ امیرِ مقامی جناب غلام درانی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے ساتھ یہ یادگار تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post