خواتین کے تحفظ کے لیے "پولیس اکا" پروگرام کی ملک گیر پزیرائی، وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کا ایس پی صاحبہ کو بھرپور خراجِ تحسین
نرمل: 29 مارچ (نمائندہ آوازِ نرمل، فاضل ہاشمی): ریاست تلنگانہ کے ضلع نرمل کی تاریخ میں اس وقت ایک زریں باب کا اضافہ ہوا جب ملک کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ ایک پروقار قومی تقریب کے دوران نرمل پولیس کے شاہکار پروگرام "پولیس اکا" کو معتبر 'اسکاچ ایوارڈ' (SKOCH Award) سے نوازا گیا۔ یہ باوقار اعزاز ضلع نرمل کی مایہ ناز اور متحرک پولیس سپرنٹنڈنٹ، محترمہ جانکی شرمیلا صاحبہ نے گذشتہ روز وصول کیا، جن کی بصیرت اور شبانہ روز محنت نے کمیونٹی پولیسنگ کے تصور کو ایک نئی انسانی اور ہمدردانہ جہت عطا کی ہے۔ اس عظیم کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ تلنگانہ جناب اے ریونت ریڈی نے اسے پوری ریاست کے لیے ایک "تاریخی افتخار" قرار دیا اور ایس پی صاحبہ کی قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں اس امر کو خاص طور پر اجاگر کیا کہ محترمہ جانکی شرمیلا صاحبہ کی زیرِ سرپرستی تقریباً 7 ہزار طالبات اور خواتین کو نہ صرف قانونی تحفظ فراہم کیا گیا بلکہ انہیں درپیش سماجی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے گر سکھا کر ایک بااختیار ستون بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب خواتین پولیس افسران نے خود "بڑی بہن" (پولیس اکا) بن کر میدانِ عمل میں قدم رکھا، تو اس سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مستحکم ہوا۔ یہ قومی ایوارڈ دراصل اس تندہی اور پیشہ ورانہ اخلاص کا ثمر ہے جس کی آبیاری ایس پی صاحبہ نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کی ہے۔ آوازِ نرمل نیوز اور ضلع کے تمام طبقات اس فقید المثال کامیابی پر محترمہ جانکی شرمیلا صاحبہ اور نرمل پولیس کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں۔
