بیل بازار ایکس روڈ پر حادثات کے سدِ باب کے لیے عوامی نمائندوں اور محکمہ آر اینڈ بی کا مشترکہ معائنہ


رپورٹ: عثمان بن عقیل، ایڈیٹر ان چیف، اوازِ نرمل نیوز — 12 مارچ 2026
نرمل: شہر کے مصروف ترین علاقے بیل بازار ایکس روڈ پر واقع ایچ پی (HP) پٹرول پمپ کے مقابل، سڑک کی صورتحال اور بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ کے پیشِ نظر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وارڈ نمبر 21 کے نمائندہ کونسلر محمد عرفان اور سینئر کانگریس لیڈر محمد الطاف خضر نے اس مقام پر اسپیڈ بریکر کی ضرورت اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے محکمہ تعمیراتِ عامہ (R&B) کے ضلعی انجینئر (D.E) بھیم سنگھ کے ہمراہ جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس دورے کے دوران عوامی نمائندوں نے حکام کو زمینی حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایچ پی (HP) پٹرول پمپ کے سامنے کی یہ شاہراہ عوام کی آمد و رفت کا اہم مرکز ہے، جہاں تیز رفتار گاڑیوں کی وجہ سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ کے ذمہ داران کو اس بات پر زور دیا کہ یہاں ایک معیاری اسپیڈ بریکر کی فوری تعمیر سے نہ صرف ٹریفک کی رفتار کو کنٹرول کیا جا سکے گا بلکہ ممکنہ حادثات کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔
محکمہ (R&B) کے ضلعی انجینئر (D.E) نے موقع پر موجود خامیوں کا جائزہ لیا اور عوامی نمائندوں کے اس مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ عوامی مفاد میں اسپیڈ بریکر کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ اس مشترکہ معائنے کا مقصد شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور شہریوں کے لیے سفر کو محفوظ بنانا ہے۔ مقامی عوام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کے اس اشتراک سے یہ دیرینہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
 

Post a Comment

0 Comments