مجلس اتحاد المسلمین نرمل کی قیادت میں بڑی تبدیلی: محمد مجاہد علی شہر صدر نامزد
جشن کا سماں: کارکنوں کی جانب سے نو منتخب صدر کی شال پوشی اور گل پوشی، مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا

نرمل: 04 مارچ ( بیورو رپورٹ - ایڈیٹر این چیف عثمان بن عقیل -آوازِ نرمل نیوز)
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی اعلیٰ قیادت، بالخصوص بیرسٹر اسد الدین اویسی اور جناب اکبر الدین اویسی کی خصوصی ہدایت پر نرمل کے سینئر مجلسی قائد اور رکن بلدیہ وارڈ نمبر 29 محمد مجاہد علی کو 'صدر مجلس شہر نرمل' نامزد کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ ان کی نامزدگی کی خبر عام ہوتے ہی نرمل کے سیاسی و عوامی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی اور کارکنوں نے اسے حق بحق دار رسید قرار دیا۔ محمد مجاہد علی جو مسلسل دو مرتبہ رکن بلدیہ منتخب ہو کر اپنی عوامی مقبولیت کا لوہا منوا چکے ہیں، ان کے تقرر کے فوراً بعد شہر بھر سے تہنیتی پیغامات اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس موقع پر پرجوش کارکنوں اور معززینِ شہر نے نو منتخب صدر کی شال پوشی اور گل پوشی کی اور پھولوں کے ہار پہنا کر ان کی طویل عوامی خدمات اور پارٹی کے تئیں وفاداری کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس تاریخی اور پر مسرت موقع پر نرمل کی ممتاز شخصیات اور آوازِ نرمل نیوز کی ٹیم کے ارکان نے محمد مجاہد علی کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی متحرک قیادت میں نرمل شہر میں مجلس کا پرچم مزید بلندیوں تک پہنچے گا اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ مبارکباد پیش کرنے والوں میں سلمان شیخ، شیخ امتیاز، محمد اظہر، سید مسعود، تبریز احمد، فاروق میمن اور سید منصور نمایاں طور پر شامل ہیں۔ نو منتخب صدر نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جماعت کو ہر سطح پر مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس تقرری پر شہر کے مختلف گوشوں سے تہنیتی پیغامات کی آمد کا سلسلہ تاحال مسلسل جاری ہے۔
Tag:



No comments: