عوامی مسائل کا فوری حل اور دیہاتوں کی ہمہ جہت ترقی حکومت کا مشن: محمد علی شبیر

کاماریڈی میں 'پبلک گورننس پروگریس پلان' بیداری کانفرنس؛ 99 روزہ ایکشن پلان پر موثر عمل آوری کی ہدایت


مورخہ: 13 مارچ 2026
نمائندہ: فاضل ہاشمی (آوازِ نرمل) | ایڈیٹر ان چیف: عثمان بن عقیل
کاماریڈی: حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے زور دے کر کہا ہے کہ ریاستی حکومت عوام کے مسائل کو فوری حل کرنے اور دیہاتوں و قصبوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے "پبلک گورننس پروگریس پلان" کے تحت 99 روزہ ایکشن پلان پر پوری قوت کے ساتھ عمل پیرا ہے۔
​گزشتہ روز (12 مارچ) کاماریڈی کے 'کالا بھارتی' آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک وسیع پیمانے کی بیداری کانفرنس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ اس جامع منصوبے کا مقصد حکومتی خدمات کو براہ راست عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے منتخب عوامی نمائندوں، بشمول سرپنچوں، کونسلروں اور وارڈ ممبروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے علاقوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے اس 99 روزہ ایکشن پلان کو کامیاب بنائیں۔
​انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام کے تحت بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے جیسے اہم عوامی مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک موثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے تاکہ ہر خاندان تک ترقی کے ثمرات پہنچ سکیں۔
​اس موقع پر ضلع کلکٹر اور مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے پروگرام کے تکنیکی پہلوؤں اور عمل آوری کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں میونسپل چیئرپرسن، کونسلرز اور بڑی تعداد میں عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔


Post a Comment

0 Comments