بیت المال نرمل کی اراضی پر قبضے کی کوشش، کلکٹر آفس میں احتجاجی نمائندگی
2021 سے سروے التواء کا شکار، چار مرتبہ فیس کی ادائیگی کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر عوامی برہمی ایڈیٹر نیوز: عثمان بن عقیل (آوازِ نرمل) نرمل: (نامہ نگار) بیت المال کمیٹی نرمل کی اراضی پر غیر قانونی قبضوں اور گزشتہ پانچ برسوں سے سروے میں ہونے والی غیر معمولی تاخیر کے خلاف صدر منظور اور نائب صدر عبدالقدیر کی قیادت میں مقامی نوجوانوں کے وفد نے کلکٹر آفس پہنچ کر ریونیو کلکٹر کو یادداشت پیش کی اور 2021 سے زیر التواء سروے کو فوری مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے حکام کو مطلع کیا کہ 2025 سے اب تک چار مرتبہ سروے فیس جمع کرائی جا چکی ہے اور میونسپل کمشنر سے لے کر تحصیلدار و سرویئر تک متعدد نمائندگیاں کی گئیں، لیکن اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مفاد پرست عناصر اراضی پر بنیادیں ڈال کر غیر قانونی قبضے کر رہے ہیں۔ حالیہ الیکشن کے دوران جب کمیٹی نے ضابطہ اخلاق کا احترام کرتے ہوئے خاموشی اختیار کی تو قابضین نے تعمیراتی کام میں مزید تیزی پیدا کر دی، جس پر آج تمام رجسٹریشن دستاویزات اور قانونی ثبوتوں کے ساتھ ریونیو کلکٹر سے رجوع کیا گیا جنہوں نے وفد کو یقین دلایا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں گی اور سرکاری سروے کے ذریعے اراضی کو واگزار کرایا جائے گا۔ وفد میں شامل نوجوانوں نے واضح کیا کہ وہ 2021 سے انصاف کے لیے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں اور اب امید ہے کہ انتظامیہ سخت کارروائی کرتے ہوئے بیت المال کی زمین کو تحفظ فراہم کرے گی۔
Tag:



No comments: