Home تلنگانہ کے اقلیتی نوجوانوں کے لیے 'ای-اسکوٹر' اسکیم 2025-26 کا اعلان! byAWAZ E NIRMAL NEWS •February 22, 2026 0 ایڈیٹر: عثمان بن عقیل (رپورٹ: فاضل ہاشمی، نمائندہ آوازِ نرمل نیوز) نرمل/حیدرآباد: ریاستِ تلنگانہ کی حکومت نے اقلیتی نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔ حکومت کے 'مائنورٹی یوتھ اکنامک سپورٹ انیشیٹو' کے تحت "ای-اسکوٹر ڈسٹری بیوشن اسکیم 2025-26" کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھسٹ اور پارسی برادریوں سے تعلق رکھنے والے مستحق نوجوانوں کو سواری فراہم کر کے ان کی معاشی جدوجہد میں بڑی مدد دی جائے گی۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی بہبود محمد علی شبیر کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق، یہ اسکیم ان نوجوانوں کے لیے ہے جن کی عمر 18 سے 35 سال کے درمیان ہے اور جو معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس اقدام کو 'کانگریس کا ہاتھ، غریب اور مائنورٹی یوتھ کے ساتھ' کے نعرے کی عملی تصویر قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدوار کا تلنگانہ کا مستقل رہائشی ہونا اور حکومت کی مقررہ آمدنی کی حد کے اندر ہونا لازمی ہے۔ خواہش مند نوجوانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ضروری دستاویزات جیسے آدھار کارڈ، انکم سرٹیفکیٹ، مائنورٹی سرٹیفکیٹ، بینک پاس بک اور ڈرائیونگ لائسنس (جہاں ضروری ہو) فوری تیار رکھیں تاکہ درخواست کے عمل میں آسانی ہو۔ عوامی حلقوں میں حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور اسے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے جڑے رہیے: آوازِ نرمل نیوز