بلیو اسٹار ہائی اسکول نرمل میں سابق میونسپل چیئرمین کنوٹ عیسیٰ خان کا دورہ، شاندار تہنیت
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 13 اکتوبر 2026: بلیو اسٹار ہائی اسکول (انگلش میڈیم) گاجول پیٹ، نرمل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں صدر جواہر العلوم ہائی اسکول و سابق میونسپل چیئرمین کنوٹ عیسیٰ خان نے قاضی شہاب الدین ماسٹر کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل سید مجیب قادری اور ڈاکٹر سید میزان قادری نے معزز مہمان کا پرگرم استقبال کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی اور گلپوشی انجام دی۔ اپنے اس دورے کے دوران عیسیٰ خان نے اسکول کے سائنس لیب، کمپیوٹر لیب، اسمارٹ بورڈز، پروجیکٹرز، عمارت کے بنیادی ڈھانچے اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کا معائنہ کیا اور تعلیمی ماحول پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ تقریباً 800 طلبہ پر مشتمل یہ ایک ممتاز ادارہ ہے جہاں عصری انگلش میڈیم تعلیم کے ساتھ دینی و اخلاقی تربیت کا امتزاج موجود ہے اور یہاں کے طلبہ کی انگریزی دانی کی صلاحیتیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اولیائے طلبہ کے انتخاب کو سراہتے ہوئے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں دیں۔ تقریب میں وائس پرنسپل شاہد عاصمران قادری، چیف ایڈوائزر سید علی پاشا قادری، ڈائریکٹر غفور خان، انچارجز اور اساتذہ بشمول عشرت ٹیچر، فرحین ٹیچر، شاہانہ ٹیچر، سمیرا ٹیچر و تمام اسٹاف نے عیسیٰ خان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔