آصف آباد میں ریاست گیر نیٹ بال چیمپئن شپ کا انعقاد: رکنِ اسمبلی کووا لکمی کو باضابطہ دعوت
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز :- 5 اکتوبر 2026ء — کم رم بھیم آصف آباد ضلع ہیڈکوارٹر میں 9ویں سب جونیئر اور جونیئر گرلز اسٹیٹ لیول نیٹ بال چیمپئن شپ 2026-27 کے شاندار انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کا باضابطہ اعلان کے بی آصف آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے اراکین اور کھلاڑیوں نے مقابلے کے دعوتی کارڈ کی رسمِ کشائی انجام دی اور رکنِ اسمبلی آصف آباد کووا لکمی کو اس کھیل کے عظیم الشان مقابلے میں شرکت کی دعوت پیش کی۔ یہ ریاستی سطح کا مقابلہ تلنگانہ ماڈل اسکول اینڈ جونیئر کالج، آصف آباد کے میدان میں 10 تا 12 اکتوبر 2026ء منعقد ہوگا، جس کی سرپرستی تلنگانہ نیٹ بال ایسوسی ایشن (TANA) کر رہی ہے۔ اس چیمپئن شپ میں ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع سے سب جونیئر اور جونیئر گرلز کے زمرے میں ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جن کے لیے منتظمین کی جانب سے قیام و طعام اور دیگر تمام ضروری سہولیات کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ خطے میں کھیلوں کے معیار کو بلند کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دینے میں اہم ثابت ہوگا۔ اس تقریبِ رونمائی میں آصف آباد سنگل ونڈو چیئرمین علی بن احمد، نیٹ بال ایسوسی ایشن کے سکریٹری ترپتی، سینئر کھلاڑیوں شالنی، سنجنا، سائی دیکشا، راجو لودھ اور ایسوسی ایشن کے دیگر نمائندوں و کثیر تعداد میں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔