رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 10 اکتوبر 2026 — ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) تلنگانہ سی وی آنند، آئی پی ایس کی فراہم کردہ ہدایات و رہنمائی کو ضلع میں مؤثر اور یکسر طور پر نافذ کرنے کے مقصد سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نرمل ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا، آئی پی ایس نے سی ڈی اوز، ٹیک ٹیم رائٹرز اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد کی، جس میں انہوں نے سنگین و زیرِ التواء مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے، معیاری تفتیش کی انجام دہی اور عدالتی مراحل کو تیز تر بناتے ہوئے خاطیوں کو سزائیں دلوانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی سخت تاکید کی۔ ایس پی نرمل نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر چارج شیٹ کی پیشکشی تک تفتیشی عمل کو انتہائی پختہ اور بے داغ بنایا جائے تاکہ تمام ضروری شواہد عدالت کے سامنے کامیابی سے پیش کیے جا سکیں اور کسی بھی سطح پر سستی یا تاخیر کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے گا۔ انہوں نے طویل عرصہ سے التواء میں پڑے مقدمات، پی ٹی کیسس، ای-سمن (e-summons)، ڈرنک اینڈ ڈرائیو اور معمولی تنازعات کو جلد از جلد یکسو کرنے پر زور دیا اور ہدایت دی کہ پورٹل CCTNS پر کیسوں اور عدالتی کارروائی کی تمام تفصیلات و سی سی نمبرات کو بلا تاخیر اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت اور منصفانہ انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا نے مزید کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام میں تحفظ کا احساس بیدار کرنا اور محکمہ کی کارکردگی پر اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے، لہٰذا تمام افسران اور جوان فرض شناسی کو اپنا شعار بنائیں اور پولیس کی حاصل کردہ کامیابیوں و سماجی خدمات کو میڈیا کے ذریعہ عوام تک پہنچائیں۔ اس ویڈیو کانفرنس میں اے ایس پی بھینسہ سائی کرن، آئی پی ایس، ڈی ایس پی نرمل پی سرینیواس کے علاوہ سی آئیز، انسپکٹرس، ایس ایچ اوز، سی سی ٹی این ایس رائٹرز اور ٹیک ٹیم کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔