بلیو اسٹار ہائی اسکول کے طلبہ کا ضلع سطح پر تاریخی اعزاز: سیرت النبی ﷺ مسابقے میں پوزیشن حاصل کر کے قائم کی نئی مثال





 آوازِ نرمل نیوز، 14 ستمبر (نرمل): صراطِ مستقیم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام صدرِ سوسائٹی مفتی احسان شاہ قاسمی کی سرپرستی میں گزشتہ روز بروزِ اتوار گیلیکسی فنکشن ہال نرمل میں منعقدہ عظیم الشان جلسۂ سیرت النبی ﷺ و تقسیمِ انعامات میں شہر کے معروف تعلیمی ادارے بلیو اسٹار ہائی اسکول کے طلبہ نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور انتھک محنت کا لوہا منواتے ہوئے ضلع سطح پر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ واضح رہے کہ ضلع کے 13 ممتاز اسکولوں سے شرکت کرنے والے تقریباً 500 طلبہ و طالبات کے زبردست مقابلے کے درمیان بلیو اسٹار ہائی اسکول کے 89 ہونہار بچوں نے حصہ لیا، جن میں سے نویں جماعت کی ذہین طالبہ شفا تبسم (بنت شیخ لائق علی) نے تحریری مسابقے میں دوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے 4,000 روپے نقد، مومنٹو اور سندِ امتیاز اپنے نام کی، جبکہ نویں جماعت کے ہی شائق طالب علم محمد حماد الدین (بن محمد ولی الدین) نے ترغیبی انعام، کتابِ سیرت اور سند حاصل کر کے اسکول اور شہرِ نرمل کا نام روشن کیا۔ اس پُرمسرت اور تاریخی موقع پر آوازِ نرمل نیوز کے ایڈیٹر انچیف عثمان بن عقیل نے کامیاب بچوں کے ساتھ یادگار تصاویر بنوائیں اور اسکول اساتذہ کی شب و روز کی محنت، والدین کی بہترین تربیت اور بچوں کے اس شاندار جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ آوازِ نرمل نیوز کی جانب سے بلیو اسٹار ہائی اسکول کے تمام کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور معزز اساتذہ کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی جاتی ہیں کہ جن کی بے لوث رہنمائی کی بدولت بچوں نے تعلیمی و دینی میدان میں کامیابی کے پرچم لہرائے۔ اس موقع پر پرنسپل جناب سید مجیب قادری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسوۂ حسنا ﷺ پر مبنی یہ مسابقات بچوں کی اخلاقی و روحانی بالیدگی کا باعث بنتے ہیں۔ تقریب میں حافظ عمران، حافظ منہاج، تہنیت کوثر، عائشہ خانم، وائس پرنسپل شاہدہ سیمران قادری، ڈائریکٹر غفور خان، چیف ایڈوائزر سید علی پاشاہ قادری، کلاس ٹیچر شیخ اسجد، تمام اسٹاف ممبران اور اسکول مینجمنٹ نے دونوں ذہین بچوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post