نرمل کی ٹیچرز کالونی میں چوری کی ناکام کوشش، سی سی ٹی وی میں سنسنی خیز مناظر قید: نمائندہ کونسلر محمد عرفان کا معائنہ
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 12 ستمبر (نرمل): شہرِ نرمل کے گاجول پیٹ، بالخصوص وارڈ نمبر 21 کی ٹیچرز کالونی روڈ نمبر 3 ڈی میں گزشتہ شب چوروں کے ایک سرگرم گروہ نے ایک مکان کے تالے توڑ کر چوری کی ناکام کوشش کی، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اگرچہ چور اپنی ناپاک کوشش میں ناکام رہے اور سرقہ نہ کر سکے، لیکن یہ تمام تر پراسرار سرگرمیاں قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہو چکی ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی عوامی مسائل کے تئیں ہمہ وقت متحرک اور فعال شخصیت وارڈ نمبر 21 کے نمائندہ کونسلر محمد عرفان نے بلاتاخیر جائے وقوع پر پہنچ کر صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ نمائندہ کونسلر محمد عرفان نے اپنی بہترین اور ذمہ دارانہ قیادت کا ثبوت دیتے ہوئے فوری طور پر اعلیٰ پولیس حکام سے رابطہ قائم کیا اور واقعاتی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے مقامی شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کا ایقان حاصل کیا۔ ان کی بروقت مداخلت اور بہترین کوششوں کے نتیجہ میں کرائم انویسٹی گیشن ٹیم (سی سی ایس) کے ذمہ داران فوری طور پر موقع پر پہنچے اور تمام شواہد و سی سی ٹی وی فوٹیج کو تحویل میں لے کر باریک بینی سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ وارڈ نمبر 21 کے عوام نے نمائندہ کونسلر محمد عرفان کی اس فوری عوامی پیش قدمی، حساسیت اور تندہی کی کھلے دل سے ستائش کی، جبکہ پولیس انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ رات کے اوقاف میں گشت کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ مجرمانہ عناصر کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔