اسمارٹ راشن کارڈز کی تقسیم کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں: ڈسٹرکٹ کلکٹر بھاویش مشرا
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
پورٹ آواز نرمل نیوز — 11 اگست 2026: ریاست تلنگانہ حکومت کی جانب سے 15 اگست یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر نیا اسمارٹ راشن کارڈ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ کلکٹر بھاویش مشرا نے متعلقہ حکام کو تمام تر ضروری انتظامات کو فوری اور مکمل طور پر یکجا کرنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔ ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک اہم جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کلکٹر نے واضح کیا کہ کڑتال کے قریب واقع ساگر کنونشن میں 15 اگست کو منعقد ہونے والے اس باوقار اور پروقار پروگرام میں مقررہ پروٹوکول کے مطابق تمام عوامی نمائندوں اور منتخب مستحقین کو پرخلوص دعوت نامے ارسال کیے جائیں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ تقریب کی کامیابی کے لیے نشستوں کی بہترین ترتیب، معیاری ساؤنڈ سسٹم، متوازن روشنائیاں اور ڈیجیٹل ایل ای ڈی اسکرینز کا معقول انتظام کیا جائے، نیز گرمی کے پیشِ نظر تقریب میں شرکت کرنے والے تمام شہریوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بلا تعطل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام شعبہ جات کے ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون اور بہترین ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی اس فلاحی اسکیم اور تقسیمِ اسمارٹ راشن کارڈ کے تاریخی پروگرام کو ہر لحاظ سے کامران و کامیاب بنائیں۔ اس اہم اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایڈیشنل کلکٹر ریونیو کشور کمار، آر ڈی او دیوی داس، سول سپلائز آفیسر راجیندر کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام اور عملہ بڑی تعداد میں موجود تھا۔