حق اور سچائی کی فتح: دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ پر محمد عتیق احمد کا ردِعمل
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز | 25 جولائی 2026ء حقیقت اور حقوق کی باطل کے خلاف جنگ میں جب حق کے حق میں فیصلہ ہوتا ہے تو بالاخر ظالم سے ظالم قوتوں کو بھی سچائی کے آگے سرِ تسلیم خم کرنا پڑتا ہے، ان خیالات کا اظہار کانگریس پارٹی ضلع نرمل کے ڈی سی وائس پریذیڈنٹ محمد عتیق احمد نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ پر اپنے جاری کردہ پریس نوٹ میں کیا۔ انہوں نے اقتدار کے ایوانوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ کرسیاں اور حکومتیں آنی جانی چیزیں ہیں، لیکن اس ملک کے نوجوانوں میں وہ طاقت ہے جو اپنے ووٹ کے استعمال سے سامراجی قوتوں کو تخت پر بٹھا بھی سکتی ہے اور اقتدار کے غرور سے نیچے بھی اتار سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیک کے خلاف طلبہ و طالبات کی یہ تاریخی جدوجہد محض جنتر منتر تک محدود نہیں تھی، بلکہ تلنگانہ، ڈسٹرکٹ نرمل اور ملک کے ہر گوشے میں عوام اور طلبہ نے اپنے مستقبل کی بقا کے لیے سڑکوں پر اتر کر احتجاج درج کرایا، جن میں انہوں نے خود بھی شانہ بشانہ شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جائز حقوق کی بحالی کے لیے کڑی دھوپ، بھوک اور پیاس کی شدت کو برداشت کرتے ہوئے مسلسل بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والے طلبہ کی قربانیاں بالاخر رنگ لائیں اور ظالم حکومت کو جھکنا پڑا۔ محمد عتیق احمد نے تمام احتجاجی طلبہ اور عوام کو اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی باہمتی اور بیدار مغز بچے کل کا روشن مستقبل ہیں جو نئے جذبے، نئی سوچ اور نئی ترقّی کے ساتھ ہندوستان کو ایک عظیم سپر پاور بنائیں گے، اور جنتر منتر سے اٹھی یہ حق کی آواز تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ کے لیے درج ہو چکی ہے۔