کلکٹر نرمل سے مرزا شعیب بیگ کی ملاقات، تعلیمی مسائل کی یکسوئی کے لیے یادداشت پیش


 نرمل /  (رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز) ایکم   جولائی: طلبا کے تعلیمی حقوق کے تحفظ اور ان کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے مسلسل جدوجہد میں مصروف بی آر ایس وی کے ضلعی نائب صدر مرزا شعیب بیگ نے آج یہاں ضلع کلکٹر آفس میں کلکٹر نرمل بھاویش مشرا (آئی اے ایس) سے مروّت ملاقات کی اور انہیں طلبا کو درپیش سنگین مسائل سے تفصیلی طور پر واقف کروایا۔ اس موقع پر انہوں نے حقِ تعلیم قانون (RTE) کے رہنما خطوط کا خاص طور پر حوالہ دیتے ہوئے کلکٹر پر زور دیا کہ تمام نجی تعلیمی اداروں میں پسماندہ اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے طلبا کے لیے قانوناً مختص 25 فیصد نشستوں کی فراہمی پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب و مستحق طلبہ بھی معیاری تعلیم سے محروم نہ رہیں۔ مرزا شعیب بیگ نے نجی اسکولوں کی جانب سے کی جانے والی من مانی اور کمر توڑ فیسوں کی وصولی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور یاد دلایا کہ اس سلسلے میں ماضی میں بھی کئی شکایتی یادداشتیں پیش کی جا چکی ہیں، جن پر محکمہ تعلیم کے متعلقہ عہدیداروں کے ذریعے فوری اور سخت تادیبی کارروائی کا آغاز وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے درمندانہ اپیل کی کہ طلبا کی فلاح و بہبود اور ان کے تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان تمام تصفیہ طلب مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، جس پر ضلع کلکٹر نے مثبت اور ہمدردانہ ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر بی آر ایس قائدین محمد منہاج، محمد فصیح اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post